اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کی جدوجہد آج کے سیاستدانوں کے لئے مثال ہے، قائداعظم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے تھے، قائداعظم نے قوانین کے اندر رہتے ہوئے اپنی سیاسی جدوجہد کی، کسی قانون میں تبدیلی کا راستہ صرف پرامن سیاسی جدوجہد میں موجود ہے، ہمیں ملک کے اصل مسائل کی طرف توجہ مرکوز کرنی چاہئے، آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، جتنا جلد ہم اس طرف جائیں گے یہ سب کے لئے بہتر ہوگا۔
پیر کو ”اے آر وائی“ نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے تھے، اس وقت انگریز دور میں نو آبادیاتی قانون تھا، قائداعظم نے اس دور کے قوانین کے اندر رہتے ہوئے اپنی سیاسی جدوجہد کی، قائداعظم کی جدوجہد آج کے سیاستدانوں کے لئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی قانون پر اختلاف تو ہو سکتا ہے لیکن اس میں تبدیلی کا راستہ صرف پرامن سیاسی جدوجہد میں موجود ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے کے واقعات کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آفس اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کے درمیان انٹرنل کمیونیکیشن معمول کا حصہ ہے، اگر کسی کو عہدے سے ہٹانا ہو تو اس کے لئے قانونی پراسیس موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بااختیار ادارہ ہے، اگر کہیں بے ضابطگی ہوئی تو الیکشن کمیشن ایکشن لے سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اداروں پر اعتماد کرنا چاہئے، ہمیں ملک کے اصل مسائل کی طرف توجہ مرکوز کرنی چاہئے، ہمارا ملک ایک ہے، ملک کی بہتری کے لئے ہم سب کو مل کر اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، جتنا جلد ہم اس طرف جائیں گے یہ سب کے لئے بہتر ہوگا۔