ریاض ۔26دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے سعودی ترقیاتی اور تعمیر نو پروگرام برائے یمن کے ساتھ تعاون کی مفاہمی یادداشت پردستخط کیے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریاض میں شاہ سلمان مرکز کے اسسٹنٹ سپروائزر اور ڈائریکٹر جنرل برائے منصوبہ بندی و ترقی عقیل الغامدی اور سعودی پروگرام کے اسسٹنٹ سپروائزر جنرل حسن العطاس نے معاہدے پر دستخط کیے۔یہ معاہدہ یمنی عوام کےلیے سکیورٹی، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کی انسانی اور امدادی کوششوں کےلیے سعودی عرب کے جاری عزم کا حصہ ہے۔علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے یمن میں آرتھوپیڈک سرجری اور کینسر ریلیف پروگرام مکمل کیا ہے جس کے تحت 69 سرجریز اور 66 بچوں کا علاج کیا گیا ۔یہ پروگرام 16 سے 23 دسمبر تک جاری رہا۔ اس میں مختلف طبی شعبوں کے ماہر 23 رضاکار شامل تھے۔پیڈیاٹرک آنکولوجی اور ہیماٹولوجی میں ڈاکٹروں، نرسوں اور فارماسسٹ کے لیے تربیت کا بھی اہتمام کیا گیا۔