ماسکو۔26دسمبر (اے پی پی):برکینا فاسو میں روس 28دسمبر کو اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول لے گا ۔ روسی خبر رساں ادارے تاس نے مغربی افریقی ملک آئیوری کوسٹ اور برکینا فاسو میں کام کرنے والے روسی سفارتکارکے حوالے سے بتایا کہ برکینا فاسو کے دارالحکومت اوگاڈوگو میں روسی سفارت خانہ 28دسمبر کواپنا کام شروع کرے گا۔
آئیوری کوسٹ اور برکینا فاسو میں روس کے سفیر الیکسی سالٹیکوف 28 دسمبر کو برکینافاسو کے حکام، دوست ممالک کے سفارتی کور کے نمائندوں، ذرائع ابلاغ اور ہم وطنوں کی شرکت کے ساتھ اواگاڈوگو میں سفارت خانے کو دوبارہ کھولنے کی ایک سرکاری تقریب منعقد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سالٹیکوف نئے ایلچی کی تقرری تک برکینا فاسو میں روس کے سفیر کے طور پر کام کریں گے۔سفارت کار نے کہا کہ برکینا فاسو میں سفارت خانہ اوسط درجے کا ہو گا اور ملازمین کی تعداد کے لحاظ سے مغربی افریقہ میں زیادہ تر روسی سفارتی مشنز کے مساوی ہو گا۔واضح رہے کہ اگست میں روسی وزیر اعظم میخائل میشوسٹن نے 2023 میں استوائی گنی اور برکینا فاسو میں روسی سفارت خانے دوبارہ کھولنے کے احکامات پر دستخط کیے تھے۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے روس ۔افریقہ کے مکمل سربراہی اجلاس میں برکینا فاسو اور استوائی گنی میں روسی سفارت خانے دوبارہ کھولنے کے منصوبے بارے میں بات کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ سیاسی، اقتصادی، انسانی، ثقافتی اور سیاحت کے شعبوں میں افریقی ممالک کے ساتھ تعاون کو نمایاں طور پر تیز کرنے کے لیے ایک حقیقی عملی قدم ہوگا۔