ٹوکیو۔26دسمبر (اے پی پی):جاپان اور امریکا نئے سال ( 2024) کے آغاز میں جاپانی مسلح افواج سے پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس سسٹم کے میزائلوں کی امریکا منتقلی پر مشاورت شروع کریں گے۔
روسی خبر رساں ادارے تاس نے جاپانی ٹی وی این ایچ کے کے حوالے سے بتایا کہ سب سے پہلے پی اے سی۔2میزائلوں کی فراہمی کو مربوط کرنے کا منصوبہ ہے جو بنیادی طور پر ہوائی جہاز اور کروز میزائلوں کو روکنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ مستقبل میں جاپان امریکا کو پی اے سی3 میزائل بھی فراہم کرے گا جو بیلسٹک میزائلوں کے مقابلے میں استعمال ہوتے ہیں۔22 دسمبر کو جاپانی حکومت نے دفاعی سازوسامان کی برآمد کے لیے اصولوں میں نرمی کی تھی جس کے تحت وہ امریکا کو پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام کے لیے میزائل اور برطانیہ کو 155 ملی میٹر توپ کے گولے فراہم کر سکتا ہے۔اس سے قبل جاپان صرف امریکا کو دفاعی سازوسامان کے آلات فراہم کر سکتا تھا، یہ چھوٹ ان ممالک کو تیار آلات کی فراہمی کی اجازت دے گی جنہوں نے پروڈکشن لائسنس جاری کیے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے یوکرین کو مسلسل اسلحے کی فراہمی کے باعث اس کا اپنا سٹاک کم ہوگیا ہے۔