غزہ۔26دسمبر (اے پی پی):اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ درجنوں اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جنوبی غزہ میں 100 سےزیادہ اہداف پر حملے کئے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں مزید کہا ہے کہ ان میں اہداف میں زیر زمین سرنگوں کے دہانے اور فوجی تنصیبات شامل ہیں۔دریں اثنا انجمن ہلال احمر فلسطین نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کےجنوبی شہر خان یونس میں تنظیم کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا ہے ۔ ہلال احمر کی طرف سے ایکس ( سابق ٹویٹر ) پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خان یونس میں تنظیم کے ہیڈ کوارٹر کی بالائی منزلوں پر اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجہ میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں میں سے ہزاروں افراد نے ہلال احمر کے ہیڈکوارٹر میں پناہ لے رکھی ہے۔\