تل ابیب۔26دسمبر (اے پی پی):اسرائیلی حکومت نے امریکا کی سب سے بڑی سیمی کنڈکٹر چپ مینوفیکچرر کمپنی انٹیل کو ملک میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر 3.2 ارب ڈالر کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
الجزیر ہ کی رپورٹ کے مطابق انٹیل نے رواں سال جون میں اسرائیل کے جنوبی حصےمیں 25 ارب ڈالر کی لاگت سے ایک نئے چپ پلانٹ کی تعمیر کا اعلان کیا تھا ۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے انٹیل کے اس فیصلے کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اسرائیل میں کسی غیر ملکی کمپنی کی اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔واضح رہے کہ 182 ارب ڈالر سے زیادہ کے اثاثے رکھنے والی امریکا کی ملٹی نیشنل کمپنی انٹیل نے جون 1974 کے بعد سے اسرائیل میں مختلف مقامات پر تین تحقیقی اور ترقیاتی مراکز کے ساتھ ساتھ کریات گاٹ میں ایک مینوفیکچرنگ پلانٹ بھی قائم کیا ہے۔