الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 کے لئے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر امیدواروں کے منظور شدہ کاغذات نامزدگی کی تفصیلات جاری کردیں

image

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 کے لئے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر امیدواروں کے منظور شدہ کاغذات نامزدگی کی تفصیلات جاری کردی ہیں،کل 22 ہزار 711 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ہیں۔جنرل نشستوں پر کل 25 ہزار 951 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر 7ہزار 473 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے تھے جن میں 445 خواتین شامل تھیں، ان میں سے 1024 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے مسترد کئے گئے ہیں، ان میں 934 مرد اور 90 خواتین امیدوار شامل ہیں ۔ اس طرح 6 ہزار 449 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے۔

چاروں صوبائی اسمبلیوں میں امیدواروں کی جانب سے عمومی نشستوں پر 18 ہزار 478 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے جن میں 808 خواتین اور 17 ہزار 670 مرد امیدوار شامل تھے۔ ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے 2 ہزار 216 کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے ان میں 2 ہزار 81 مرد اور 135 خواتین شامل تھیں۔ اس طرح 672 خواتین امیدواروں سمیت صوبائی اسمبلیوں کے 16 ہزار 262 کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے ۔ اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر 209 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جن میں سے ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے 93 کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے اور 116 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے ۔ پنجاب سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر 3 ہزار 621 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن میں سے

521 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے جبکہ 3 ہزار 100 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے ۔ سندھ سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کےلئے ایک ہزار 681 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جن میں سے 166 مسترد اور ایک ہزار 515 منظور کئے گئے ۔ خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر ایک ہزار 331 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن میں سے 152 مسترد اور ایک ہزار 179 کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے ۔ اسی طرح بلوچستان سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر 631 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جن میں سے 92 مسترد 539 منظور کئے گئے۔

کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کی جنرل نشستوں پر 8 ہزار 935 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جن میں سے ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے 943 مسترد اور 7 ہزار 992 کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے۔ سندھ اسمبلی کی جنرل نشستوں پر 4 ہزار 294 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جن میں سے 520 مسترد اور 3 ہزار 774 کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے ۔ بلوچستان اسمبلی کی جنرل نشستوں پر ایک ہزار 788 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جن میں سے 386 مسترد اور ایک ہزار 402 کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے۔ ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت 3 جنوری سے ہو گی جو 10 جنوری تک جاری رہے گی۔

امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری جبکہ کاغذات نامزدگی 12 جنوری کو واپس لئے جا سکیں گے ۔ 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشانات آلاٹ کئے جائیں گے۔ خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 جنوری کو ہوگی۔ ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 16 جنوری تک جبکہ ایپلٹ ٹریبونل کی جانب سے ان پر فیصلے 19 جنوری تک ہوں گے۔ امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی 22 جنوری کو واپس لئے جا سکیں گے جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 23 جنوری کو آویزاں کی جائے گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.