راولپنڈی، ٹریفک سائنزکی تنصیب نہ ہو نے سے روڈ حادثات کی شرح میں اضافہ

image
راولپنڈی۔1جنوری (اے پی پی):راولپنڈی شہر و چھائونی سمیت ضلع بھر کی تحصیلوں میں ” ٹریفک سائنز” کی تنصیب نہ ہو سے روڈحادثات (آر ٹی اے) میں اضافہ ہورہا ہے ، ٹریفک پولیس نے متعدد بارکینٹ اور سٹی حکام کو ٹریفک سائن کی تنصیب کے لئے خطوط لکھے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا ، شہری ڈرائیونگ ٹیسٹ میں پوچھے جانے والے ٹریفک سائن کے سوالات کے جوابات سے لاعلم ہیں ، ڈرائیونگ ٹیسٹ کے دوران ٹریفک سگنلز ٹیسٹ میں ناکامی کی شرح 70 فیصد تک پہنچ چکی ہے ۔ ملک بھر کے دیگر صوبوں کی طرح پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لئے تین طرح کے ٹریفک سائنز لازمی ہیں جن میں لازمی ،احتیاطی اور معلوماتی سائنز شامل ہیں ۔ ان ٹریفک سائنز کی تنصیب سے نہ صرف حادثات پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ روڈ پر چلنے والے نئے ڈرائیور حضرات (خواتین، نوجوانوں)کے لئے آگاہی بھی ملتی ہے ۔

ریسکیو 1122 کی راولپنڈی کے حوالے سے ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ2023 کے دوران 16 ہزار 429 حادثات ہوئے ہیں جن میں مجموعی طور پر 16,525 افراد متاثر ہوئے جن میں 14008 مرد، 2517 خواتین شامل ہیں ۔ ان ٹریفک حادثات میں 164 افراد جاں بحق، 8040 شدید زخمی، اور 8321 معمولی زخمی ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات میں زیادہ تعداد کار اور موٹر سائیکل سواروں کی ہے۔حادثات کی وجوہات میں تیز رفتاری، لاپرواہی، ون ویلنگ، غلط موڑنا، ٹائر کا پھٹنا اور دیگر عوامل شامل ہیں۔ان حادثات کے شکار افراد میں زیادہ افراد کی عمریں 21 سال سے 40 سال کے درمیان تھیں۔

ٹریفک سائنز کے ذریعے روڈ پر چلنے والوں کے لئے راہنمائی فراہم کرنا اہم ہے تاکہ حادثات کم ہوں اور ٹریفک میں ایک موزوں ترتیب برقرار رہے۔ اس حوالےسے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے’’ اے پی پی ‘‘ کے استفسار پر بتایا کہ راولپنڈی کینٹ اور شہر بشمول تحصیل انتظامیہ کو متعدد بار خطوط لکھے ہیں کہ ٹریفک سائنز نصب کیے جائیں تا کہ ٹریفک حادثات کو کم اور شہریوں کی آگاہی میں اضافہ کیا جاسکے لیکن تاحال انتظامیہ کی جانب سے راولپنڈی کے کسی روڈ پر ٹریفک سائنز جن میں لازمی ٹریفک سائن، احتیاطی ٹریفک سائن اور معلومات ٹریفک سائن شامل ہیں نصب نہیں کیے جاسکے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اب سٹیشن ہیڈکوارٹر ، ڈی سی اور کمشنر راولپنڈی کی سطح پر اس معاملہ کو اٹھائیں گے ۔ واضح رہے کہ ٹریفک سائنز کی تنصیب سے روڈ پر چلنے والوں کی سیفٹی ممکن ہونے کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین اور حفاظتی تدابیر کا پورا علم ہوتا ہے اور انہیں مختلف خطرات سے بچانے والی اشارے ملتے ہیں،ٹریفک کی بڑھوتری میں کمی آتی ہے اور روڈ پر چلنے والوں کو مختلف راستوں کا انتخاب کرنے میں مدد فراہم ہوتی ہے۔ ٹریفک سائنز کو صحیح جگہوں پر لگانا اور انہیں صحیح طریقے سے چلانا بہت اہم ہے۔مختلف ٹریفک اطلاعاتی ایپلیکیشنز اور ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے لوگوں کو ٹریفک کی صورتحال کا معلومات فراہم کرنا اور انہیں مناسب راستے بتانا ممکن ہے۔

سڑکوں پر ٹریفک سائنز نصب نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو نئے ڈرائیونگ لائسنس بنانے میں بھی مشکل کا سامنا ہے کیونکہ ان کی آگاہی ماسوائے اس ٹیسٹ کے علاوہ کسی اور ذریعے سے ممکن نہیں ہو پارہی ۔ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لئے شہریوں سے لازمی ،معلوماتی اور احتیاطی ٹریفک سگنلز کے مجموعی 30 سوالات میں سے 10 سوالات پوچھے جاتے ہیں جن میں سے 10 جوابات درست ہونے پر ڈرائیونگ لائسنس کا عمل آگے بڑھ سکتا ہے اس طرح 2023 کے دوران ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لئے ٹریفک سگنلز ٹیسٹ میں ناکام ہونے والوں کی شرح 70 فیصد تک ہے ۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.