سنہ 2024 میں ریلیز ہونے والی وہ انڈین فلمیں جن کا لوگوں کو بے صبری سے انتظار ہے

اب جب ہم اگلے سال کا خیر مقدم کر رہے ہیں تو 2024 میں ایسی کون سی فلمیں ہیں جس کا فلم بینوں کو ابھی سے ہی انتظار ہے اور انھوں نے پہلے ہی شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر رکھی ہے۔

سنہ 2023 تو انڈین فلم انڈسٹری کے لیے کامیاب رہا اوربڑے پردے پر دھماکے دار فلموں کی انٹری جاری رہی جہاں شاہ رخ خان نے چار سال بعد ایک بار پھر ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ جیسی فلمیں بنا کر نمبر ون کا اعزاز حاصل کیا۔ تو دوسری جانب سنی دیول نے ’غدر 2‘ کے ساتھ باکس آفس کے کئی ریکارڈ توڑے۔

اس سب کے درمیان سندیپ ریڈی وانگا نے رنبیر کپور کے ساتھ مل کر تشدد سے بھرپور فلم ’اینیمل‘ سے باکس آفس پر جھنڈے گاڑے۔

اب جب ہم اگلے سال کا خیر مقدم کر رہے ہیں تو 2024 میں ایسی کون سی فلمیں ہیں جس کا فلم بینوں کو ابھی سے ہی انتظار ہے اور انھوں نے پہلے ہی شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر رکھی ہے۔

جنوری میں آنے والی فلمیں

میری کرسمس

سال کے آغاز میں سنسنی خیز فلموں کے لیے مشہور ہدایت کار شری رام راگھون، جنھوں نے ’اندھادھن‘، ’ایک حسینہ تھی‘ اور ’بدلہ پور‘ جیسی فلمیں بنائی ہیں 12 جنوری کو فلم ’میری کرسمس‘ کے ساتھ آ رہے ہیں۔

اس فلم میں کترینہ کیف اور ساؤتھ انڈین سٹار وجے سیتھوپتی نظر آئیں گے۔ وجے سیتھوپتی اس سے قبل شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ میں ولن کے کردار میں نظر آئے تھے۔

فائٹر

سدھارتھ آنند کی فلم ’فائٹر‘ انڈیا کے یوم جمہوریہ کے موقع پر ریلیز ہو گی۔ اس میں ہریتک روشن اور دیپیکا پڈوکون پہلی بار ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

سدھارتھ آنند نے گذشتہ سال شاہ رخ خان کے ساتھ سال کی سب سے کامیاب فلم ’پٹھان‘ کی ہدایت کاری کی تھی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ فائٹر میں ’پٹھان‘ کی کامیابی کو دہراتے ہیں یا نہیں۔

اکشے کمار کی چار فلمیں

سالانہ چار فلمیں کرنے کے لیے مشہور اکشے کمار نے اس سال بھی اپنا چار فلموں کا چکر جاری رکھا ہے۔ تاہم 2023 ان کی فلموں کے لیے اچھا نہیں رہا۔ لیکن اس سب کے باوجود ان کی ہمت میں کمی نہیں آئی۔

اس سال وہ پانچ فلموں کا حصہ ہوں گے جن میں ایک ڈرامہ، ایک حب الوطنی، دو ایکشن اور ایک کامیڈی فلم شامل ہے۔

اکشے کمار
Getty Images

سورائی پوترو کا ریمیک

اکشے کمار پہلی بار 2020 میں بننے والی تامل فلم ’سورائی پوترو‘ کے ریمیک میں نظر آئیں گے۔ اس فلم کو پانچ قومی ایوارڈز بھی ملے۔ یہ فلم جی آر گوپی ناتھ کی ہے، جنھوں نے کم لاگت والی ایئر لائن سمپلی فلائی دکن بنائی۔ یہ فلم ان کی زندگی کے واقعات پر مبنی ہے۔ فلم فروری میں ریلیز ہو گی۔

بڑے میاں چھوٹے میاں

اس فلم میں ٹائیگر شیروف اکشے کمار کے ساتھ ایکشن کرتے نظر آئیں گے۔ فلم میں ساؤتھ انڈین سٹار پرتھوی راج بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔ علی عباس ظفر کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم عید کے موقع پر ریلیز کی جانی تھی لیکن تاحال فلم کی ریلیز کی تاریخ کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔

سنگھم 3

اکشے کمار، جو روہت شیٹی کی فلم ’سوریا ونشی‘ کے ساتھ پولیس کی دنیا کا حصہ بنے، سنگھم 3 میں اجے دیوگن کو سپورٹ کرتے نظر آئیں گے۔ روہت شیٹی اور اجے دیوگن کی ’سنگھم‘ کا تیسرا سیکوئل بڑا اور ملٹی سٹارر ہوگا۔

اس ہٹ فرنچائز میں اجے کے ساتھ اکشے کمار، کرینہ کپور، ٹائیگر شیروف اور دیپیکا پڈوکون بھی پولیس اوتار میں نظر آئیں گے۔ اس کے پوسٹر آ چکے ہیں اور فلمی شائقین جوش و خروش سے اس کے منتظر ہیں۔

سکائی فورس

اکشے کمار جو اکثر حب الوطنی پر مبنی فلموں سے جڑے رہتے ہیں، حب الوطنی پر مبنی فلم ’سکائی فورس‘ میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم ہندوستانی فضائیہ کی تاریخ کے اوراق سے ایک فتح کی کہانی ہے۔ اکشے کمار اس میں انڈین ایئر فورس کے کپتان کے روپ میں نظر آئیں گے۔

ویلکم ٹو جنگل

سال کے آخر میں اکشے کمار ملٹی سٹارر 'ویلکم ٹو جنگل' میں لوگوں کو ہنساتے نظر آئیں گے، جو ویلکم فرنچائز کی اگلی پیشکش ہے۔ اس فلم میں سنجے دت، سنیل شیٹی، دیشا پٹانی، روینہ ٹنڈن، لارا دتہ، جیکولین فرنینڈس، پاریش راول، ارشد وارثی، جانی لیور، راجپال یادیو، شریاس تاڈپاڈے، دلیر مہندی، میکا وغیرہ اکشے کمار کو سپورٹ کرتے نظر آئیں گے۔

اجے دیوگن کی فلمیں

اجے دیوگن بھی 2024 میں کئی فلموں میں نظر آئیں گے۔

اوروں میں کہاں دم تھا

اجے دیوگن رومانوی ڈرامے ’اوروں میں کہاں دم تھا‘ میں ہدایت کار نیرج پانڈے کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔اس فلم میں اجے دیوگن اور تبو کی جوڑی ایک مہاکاوی رومانوی ڈرامے میں نظر آئے گی۔

یہ فلم دیگر ہندوستانی زبانوں میں بھی ریلیز کی جائے گی۔ فلم 26 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ اس کے علاوہ ان کی فلم تعزیت بھی ریلیز ہو گی جس میں وہ روینہ ٹنڈن کی بیٹی راشا تھاڈانی کو لانچ کریں گے۔

Film
Getty Images

عامر خان کی ’لاہور 1947‘

سنہ 2024 میں عامر خان پروڈکشن راج کمار سنتوشی کی ہدایت کاری میں غدر سٹار سنی دیول کے ساتھ لاہور 1947 لے کر آرہے ہیں۔

تاہم عامر خان ہی اس فلم کے پروڈیوسر ہوں گے۔ 27 سال بعد ہدایت کار سٹار کی ہٹ جوڑی ایک بار پھر نظر آئے گی۔ اس سے قبل سنی دیول اور راج کمار سنتوشی ناظرین کو ’دامنی‘ ، ’گھاتک‘ اور ’گھائل‘ جیسی کامیاب فلمیں دے چکے ہیں۔

ستارے زمین پر

عامر خان بھی 2024 میں بطور ہدایت کار واپس آ رہے ہیں۔ وہ ستارے زمین پر نامی فلم بنا رہے ہیں جو کرسمس پر ریلیز ہو گی۔ عامر خان کی کرسمس پر ریلیز ہونے والی فلموں نے تاریخ رقم کی ہے جس میں ’گجنی‘، ’تھری ایڈیٹس‘، ’پی کے‘، ’تارے زمین پر‘ اور ’دھوم 3‘ شامل ہیں۔ ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ یہ ستارے زمین پر فلم میں کام کریں گے یا نہیں۔

لاپتہ لیڈیز

عامر خان کی اہلیہ کرن راؤ بھی کامیڈی فلم ’لاپتا لیڈیز‘ سے بطور ہدایت کار واپسی کر رہی ہیں۔ یہ عامر خان کی پروڈکشن کی 11ویں فلم ہوگی۔

ساؤتھ انڈین فلموں کی باز گشت

کالکی 2898 اے ڈی

کالکی 2898 اے ڈی ہدایتکار ناگ اشونی کی طرف سے بنائی گئی ایک فلسفیانہ سائنس فکشن فلم ہے۔ اس ملٹی سٹارر فلم میں پربھاس ایک اہم کردار میں نظر آئیں گے اور ان کے ساتھ امیتابھ بچن، کمل ہاسن، دیپیکا پڈوکون، دیشا پٹانی اور دولکر سلمان بھی نظر آئیں گے۔

پشپا 2

کووڈ کی وبا کے سال میں، ساؤتھ انڈین فلم ’پشپا‘ نے فلم بینوں کو محظوظ کیا اور پورے ہندوستان میں باکس آفس پر نئے ریکارڈ بنائے تھے۔ اب سال 2024 میں اس فلم کا سیکوئل ’پشپا 2: دی رول‘ریلیز ہو گا۔ یہ فلم15 اگست کو یوم آزادی پر ریلیز کی جائے گی۔ ساؤتھ انڈین سٹار اللو ارجن کا بطور پشپراج پوسٹر ان کی سالگرہ پر پیش کیا گیا۔ لوگوں میں اس فلم کو لے کر جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

کنتارا چیپٹر 1

سنہ 2022 میں کینیڈا کی فلم ’کنتارا‘ نے دھوم مچا دی تھی۔ اس فلم کا دوسرا حصہ 2024 میں ’کنتارا: چیپٹر 1‘ کے نام سے آئے گا جو کنتارا فلم کی کہانی کا پریکوئل ہوگا۔ فلم کی ہدایت کاری رشبھ شیٹی کریں گے اور وہ ایک اہم کردار میں بھی نظر آئیں گے۔

انڈین 2

سنہ 1996 میں ایس شنکر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’انڈین‘ کا اگلا حصہ 27 سال بعد ’انڈین 2‘ 2024 میں ریلیز ہو گا۔ کمل ہاسن ایک بار پھر کمانڈر کے روپ میں نظر آئیں گے۔ فلم بینوں کو اس سیکوئل کا بے صبری سے انتظار ہے۔

ستری 2

سنہ 2018 کی کامیڈی ہارر فلم ’ستری‘ کا دوسرا حصہ 2024 میں اگست کے مہینے میں ریلیز کیا جائے گا۔ امر کوشک کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں شردھا کپور، راجکمار راؤ، پنکج ترپاٹھی، ابھیشیک بنرجی اور اپارشکتی کھرانہ ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

میٹرو ان دنوں

انوراگ باسو 2007 میں ریلیز ہونے والی ’لائف ان میٹرو‘ میں ممبئی شہر کی کھٹی میٹھی محبت کی کہانیوں کو پیش کرنے کے بعد اب اس کا دوسرا حصہ ’میٹرو ان دنوں‘لے کر آ رہے ہیں۔

اس فلم میں آدتیہ رائے کپور، سارہ علی خان، انوپم کھیر، نینا گپتا، پنکج ترپاٹھی، کونکنا سین شرما، علی فضل اور فاطمہ ثنا شیخ نظر آئیں گے۔

لو سیکس اور دھوکہ 2

دیباکر بنرجی کی 2010 کی فلم 'لو سیکس اور دھوکہ' (ایل ایس ڈی) نے راج کمار راؤ کو ہندی سنیما میں متعارف کرایا۔ اب ہدایت کار دیباکر بنرجی پروڈیوسر ایکتا کپور کے ساتھ مل کر 'ایل ایس ڈی 2' لے کر آرہے ہیں جو 2024 میں ریلیز ہو گی۔

انڈیا کے انتخابی سال میں سیاست پر مبنی فلمیں

سنہ 2024 انڈیا میں انتخابات کا سال ہے کیونکہ لوک سبھا انتخابات اسی سال ہونے والے ہیں۔ اس سال ہندی سنیما میں ایسی کئی فلمیں ہیں جو انتخابی ماحول کی گرما گرمی کو بڑھا سکتی ہیں۔

’میں اٹل ہوں‘

نیشنل ایوارڈ یافتہ ہدایت کار روی جادھو کی فلم ’میں اٹل ہوں‘ سال کے آغاز میں آ رہی ہے۔ یہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی سوانح حیات پر مبنی فلم ہے۔

اداکار پنکج ترپاٹھی نے اس فلم میں مرکزی کردار ادا کیا ہے اور یہ فلم 19 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔

سواتنتریہ ویر ساورکر

رندیپ ہڈا کی ہدایت کاری میں بننے والی بائیوپک فلم ’سواتنتریہ ویر ساورکر‘ آزادی کے جنگجو ویر ساورکر کی کہانی ہے۔ فلم میں رندیپ ہڈا ویر ساورکر کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ اس میں انکیتا لوکھنڈے اور امیت سیال بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔

بستر: دا نکسل سٹوری

’دی کیرالہ سٹوری‘ کی کامیابی کے بعد پروڈیوسر وپل امرت لال شاہ نکسل کی حساس کہانی کو سدیپتو سین کے ساتھ بڑے پردے پر لائیں گے۔ ادا شرما ایک بار پھر فلم میں اہم کردار میں نظر آئیں گی۔

نئی نسل کی ہیرو فلمیں

چندو چیمپئن

’بھول بُھلیاں 2‘ کے ساتھ سٹارڈم پر اپنے دوسرے شاٹ تک پہنچنے والے کارتک آرین، ’چندو چیمپئن‘ میں نظر آئیں گے، جو ایک غیر معمولی حقیقی زندگی سے متاثر کھیلوں کا ڈرامہ ہے۔ فلم کی ہدایت کاری کبیر خان نے دی ہیں۔ فلم 14 جون کو ریلیز کی جائے گی۔

یودھا

اداکار سدھارتھ ملہوترا نے ’شیرشاہ‘ میں کارگل کے ہیرو وکرم بترا کا کردار ادا کرکے ناظرین میں ایک الگ ہی محبت پائی ہے۔ ان کی ایکشن فلم 'یودھا' 15 مارچ کو ریلیز ہوگی۔

وی ڈی 18

جوان میں شاہ رخ خان کو ایک مختلف روپ میں پیش کرنے والے ڈائریکٹر ایٹلی اپنی اگلی پیشکش ’وی ڈی 18‘میں ورون دھون کو ایک نیا روپ دیں گے۔ وامیکا گبی اور کیرتھی سریش فلم میں ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

لیڈ کرداروں میں اداکارائیں

دی کریو

کرینہ کپور، تبو اور کریتی سینن ہدایت کار راجیش کرشنن کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دی کریو‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گی۔ پہلی بار تین اداکارائیں ایک ساتھ فلم میں لیڈ رول ادا کر رہی ہیں۔

ایئرلائن کے پس منظر پر مبنی یہ فلم اپنے مزاح سے ناظرین کو تفریح دے گی۔ فلم میں کپل شرما اور دلجیت دوسانجھ بھی نظر آئیں گے۔ فلم 2024 میں ریلیز ہو گی۔

دا بکنگھم مرڈررز

کرینہ کپور بطور شریک پروڈیوسر فلم دی بکنگھم مرڈررز سے اپنا سفر شروع کر رہی ہیں۔ اس تھرلر فلم کو ہنسل مہتا ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔ فلم کا پہلا پوسٹر آ گیا ہے۔ یہ فلم 2024 میں ریلیز ہوگی۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.