آسٹریلیا کے سٹار بیٹر ڈیوڈ وارنر نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ (ایس سی جی) میں ہیلی کاپٹر پر انٹری کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے جمعے کو بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں سڈنی تھنڈر اور سڈنی سکسرز کے درمیان شیڈول میچ کے لیے ہیلی کاپٹر پر سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں انٹری کی۔
اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر بگ بیش لیگ کے ہینڈل نے ڈیوڈ وارنر کی ہیلی کاپٹر سے سٹیڈیم آمد پر بھی ٹویٹ کی۔
بی بی ایل نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’کبھی کچھ ایسا دیکھا ہے؟ ڈیوڈ وارنر سڈنی سمیش (میچ) کے لیے ہیلی کاپٹر پر ایس سی جی آئے ہیں۔‘
Ever seen anything like it? @davidwarner31 arrives to the @scg on a helicopter to the Sydney Smash. #BBL13 pic.twitter.com/gS4Rxmz71C
— KFC Big Bash League (@BBL) January 12, 2024
ڈیوڈ وارنر کی ہیلی کاپٹر پر سٹیڈیم آنے کی وجہ اُن کے بھائی کی شادی تھی۔
خبروں کے مطابق ڈیوڈ وارنر کے بھائی کی شادی کی تقریب ہنٹر ویلی میں رکھی گئی تھی جہاں شرکت کے بعد آسٹریلوی اوپنر ہیلی کاپٹر میں سوار ہو کر سٹیڈیم پہنچ گئے۔
اس حوالے سے آسٹریلوی بولر شاؤن ایبٹ کہتے ہیں کہ ’یہ تو ڈیوی (ڈیوڈ وارنر) کا مخصوص انداز ہے۔ یہ بالکل ہالی وُڈ کے ہیرو کی طرح ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ وہ یہ میچ کھیلنے آئے ہیں کیونکہ آسٹریلیا میں کرکٹ کے مداح ڈیوڈ وارنر کو بی بی ایل میں کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
خیال رہے ڈیوڈ وارنر نے رواں ماہ پاکستان کے خلاف اسی سٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
اس کے علاوہ ڈیوڈ وارنر ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔