پاکستان نے جنگلی حیات کے تحفظ کی کوششوں میں اہم سنگ میل کے طور پر “سی آئی ٹی ای ایس کیٹیگری ون” حاصل کر لی

image

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):پاکستان نے جنگلی حیوانات اور نباتات کی خطرے سے دوچار انواع کے بین الاقوامی تجارت کے کنونشن (سی آئی ٹی ای ایس) کے رکن کی حیثیت سے جنگلی حیات کے تحفظ کی کوششوں میں اہم سنگ میل کے طور پر”سی آئی ٹی ای ایس کیٹیگری ون” حاصل کر لی۔

پاکستان کا یہ اعزاز جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے اس کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔ سی آئی ٹی ای ایس اقوام متحدہ کے تحت ایک بین الحکومتی معاہدہ ہے جو بین الاقوامی تجارت میں جنگلی حیوانات اور نباتات کے غیر پائیدار استحصال کو روکنے سے متعلق ہے۔ پاکستان نے اپنے قومی عزم کے تحت وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کی زیر قیادت جنگلی حیات کے صوبائی محکموں اور پاکستان کسٹمز کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے جنگلی حیوانات اور نباتات کی درآمدات اور برآمدات کو تندہی سے منظم کیا ہے۔

سی آئی ٹی ای ایس پاکستان ٹریڈ کنٹرول آف وائلڈ فائونا اینڈ فلورا ایکٹ 2012 کے نفاذ کے لیے خصوصی قانون ہے۔ یہ قانون پائیدار اور ذمہ دارانہ تجارتی طریقوں کے لیے پاکستان کے عزم کو واضح کرتا ہے جو کہ خطرے سے دوچار انواع کی فلاح و بہبود کو یقینی بناتا ہے۔ سی آئی ٹی ای ایس اپنے ارکان کی کنونشن کے نفاذ کے لیے ان کی قومی قانون سازی میں تسلسل کی بنیاد پر تین کیٹیگریز “ون، ٹو اور تھری” میں درجہ بندی کرتا ہے۔ ایک مکمل جائزہ لینے کے عمل کے بعد پاکستان کی قانون سازی کو پوری طرح تسلیم کیا گیا ہے جو کہ کیٹیگری ٹو سے بڑھ کر کیٹیگری ون میں ترقی کر گیا ہے۔

اس کااعلان 8 نومبر 2023 کو سی آئی ٹی ای ایس کی قائمہ کمیٹی کے 77 ویں اجلاس میں کیا گیا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے قانون سازی کے اقدامات سی آئی ٹی ای ایس کے اعلیٰ ترین معیارات پر پورا اترتے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.