انڈر 19 ورلڈ کپ: سیمی فائنل میں پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف ایک وکٹ سے شکست

انڈر 19 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دی ہے۔
پاکستان، آسٹریلیا، انڈر 19
Getty Images

انڈر 19 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دی ہے۔

جنوبی افریقہ میں جاری انڈر 19 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کی نوجوان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کے کپتان سعد بیگ نے ٹاس کے بعد کہا تھا کہ وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے کیونکہ وہ چاہتے تھے کہ ان کے ابتدائی بیٹسمین پچ پر رُک کر سکور کریں۔ مگر ایسا نہ ہوسکا۔

علی رضا
Getty Images
علی رضا نے 34 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں

اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 179 رنز بنائے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 48.5 اوور میں آل آؤٹ ہوگئی مگر آذان اویس اور عرفات منہاس کی نصف سنچریوں کی بدولت بیٹنگ کو کچھ سہارا ملا۔

آسٹریلوی بولر ٹام سٹریکر نے 24 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں آسٹریلیا نے 49.1 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ علی رضا نے 34 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

اب 11 فروری کو انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ دفاعی چیمپیئن انڈیا سے ہوگا۔

ٹام
Getty Images

اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن انڈیا کی ٹیم نے میزبان ٹیم جنوبی افریقہ کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر فائنل میں پہنچ چکی ہے۔

ماضی میں آسٹریلیا اور پاکستان کی انڈر 19 ٹیم میں جو پانچ مقابلے ہوئے ہیں ان میں پاکستان کو تین میں فتح حاصل ہوئی اور آسٹریلیا کو ایک میں جبکہ ایک میچ بے نتیجہ ٹھہرا ہے۔

پاک ٹیم
Getty Images

انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی اچھی کارکردگی

19 جنوری سنہ 2024 سے شروع ہونے والے اس انڈر 19 ورلڈ کپ میں کل 16 ٹیموں کی شرکت رہی۔ پہلا میچ امریکہ اور آئر لینڈ کی ٹیم کے درمیا ہوا جسے آئر لینڈ نے سات وکٹوں سے جیت لیا۔

اس ابتدائی مرحلے میں چار گروپ تھے اور ہر گروپ میں چار چار ٹیمیوں تھیں جن کے آپس میں تین تین میچز تھے۔

انڈیا گروپ اے میں اپنے تینوں میچز جیت کر سرفہرست رہی جبکہ گروپ بی میں جنوبی افریقہ کی ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر تھی۔

گروپ سی میں آسٹریلیا نے اپنے تینوں میچ جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی تو گروپ ڈی میں پاکستان کی ٹیم اپنے تمام میچز جیت کر سرفہرست رہی۔

آسٹریلین ٹیم
Getty Images
آسٹریلین ٹیم

دوسرا مرحلہ

اس مرحلے میں کل 12 ٹیمیں رہیں اور انھیں چھ چھ کے دو گروپ میں تقسیم کیا گیا۔ پہلے گروپ میں انڈیا، پاکستان، بنگلہ دیش، آئرلینڈ، نیوزی لینڈ اور نیپال کی ٹیمیں تھیں جبکہ دوسرے گروپ میں جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیم تھی۔

انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں اپنے تمام میچز جیت کر پہلے اور دوسرے نمبر پر رن ریٹ کے حساب سے رہیں جبکہ آسٹریلیا کا ایک میچ نہ ہو سکا اور جنوبی افریقہ ایک میچ ہار گئی تام دوسرے گروپ سے دونوں ٹیمیں پہلے اور دوسرے نمبر پر رہیں۔

اس طرح انڈیا کا جنوبی افریقہ سے اور پاکستان کا آسٹریلیا سے سیمی فائنل مقابلہ طے پایا۔

جوہانسبرگ کے پاس بنونی شہر میں کھیلے جانے والے دوسے سیمی فائنل سے قبل پاکستان کی ٹیم نے بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر شاہ زیب خان نے اب تک عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے اور پانچ میچوں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی بدولت 260 رنز بنائے ہیں اور وہ مجموعی طور پر پانچویں نمبر پر ہیں۔

بالنگ کے شعبے میں عبید شاہ نے پانچ میچوں میں 17 وکٹیں لی ہیں اور وہ مجموعی طور پر جنوبی افریقہ اور انڈین بولر کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔

پاکستان نے گروپ میچز میں پہلا میچ افغانستان کے خلاف 181 رنز سے جیتا۔ شاہ زیب خان نے 106 رنز بنائے جبکہ عبید شاہ نے چار وکٹیں لیں۔ افغانستان کی پوری ٹیم پاکستان کے 284 رنز کے جواب میں 103 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سعد بیگ
Getty Images
سعد بیگ

پاکستان نے اپنا دوسرا میچ نیپال کے خلاف پانچ وکٹوں سے جیت لیا۔ نیپال نے مقررہ 50 اوورز میں 197 رنز بنائے جسے پاکستان آذان اویس کے 63 رنز کی بدولت بہ آسانی حاصل کر لیا۔ عرفات منہاس سے 23 رنز دے کر تین وکٹیں لیں۔

اپنے تیسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ نیوزی لینڈ 38 اوورز میں 140 رنز پر آوٹ ہو گئی۔ ایک بار پھر عرفات منہاس نے اچھی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ رنز کے عوض تین وکٹیں لیں جبکہ شاہ نے 80 رنز بنائے اور ان کے ساتھی شمائل حسین نے 54 رنز بنائے، دونوں آوٹ نہیں ہوئے۔

اس کے بعد گروپ چھ کا مقابلہ ہوا جس میں آئر لینڈ کے خلاف تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ آئر لینڈ نے 181 رنز بنائے جس میں عبید شاہ نے 31 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔ پاکستان نے یہ ہدف 44 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ احمد حسن نے سب سے زیادہ 57 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کا آخری میچ بنگلہ دیش سے تین فروری کو تھا جو اس نے پانچ رنز سے جیت لیا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 41 ویں اوور میں 155 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی عرفات منہاس نے سب سے زیادہ 34 رنز بنائے۔ لیکن بنگلہ دیش کو اس نے 36 ویں اوور میں 150 رنز پر آوٹ کر دیا۔ عبید شاہ نے 44 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ کپتان سعد بیگ نے اب تک صرف ایک نصف سنچری لگائی ہے جبکہ ٹیم کی انھوں نے اچھی طرح سے قیادت کی ہے۔

انڈر19 ورلڈ کپ میں اگر پاکستان دو بار فاتح رہی ہے تو آسٹریلیا تین اور انڈیا پانچ بار۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.