پاکستانی حکومت کا ارشد ندیم کے لیے 25 لاکھ روپے دینے کا اعلان: ’مہربانی کریں کہ ویزہ جلدی آ جائے ‘

ارشد ندیم رواں برس پیرس میں 32 برس میں پاکستان کے لیے اولمپکس میں پہلا تمغہ حاصل کرنے کے لیے پرامید ہیں تاہم ان کے پاس موجود اکلوتی جیولن بھی خراب ہو چکی ہے۔
ارشد ندیم، نیرج چوپڑا، پاکستان
Getty Images

پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے جیولن تھروئر ارشد ندیم سے ملاقات کی ہے اور انھیں نیا جیولین خریدنے کے لیے 25 لاکھ روپے کی رقم دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

منگل کو ارشد ندیم نے وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور انھیں بتایا کہ وہ ٹریننگ کے لیے جنوبی افریقہ جانا چاہتے ہیں۔

ملاقات کی ایک ویڈیو میں ارشد ندیم نے پاکستانی وزیراعظم کو بتایا کہ ’میں نے ابھی جنوبی افریقہ جانا ہے ٹریننگ کے لیے، تو ویزے کے لیے اپلائی کر دیا ہے، تھوڑی مہربانی کریں کہ ویزہ جلدی آ جائے۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے وہاں موجود وزرا کو ہدایات دیں کہ ارشد ندیم کے ویزے کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے۔

ارشد ندیم رواں برس پیرس میں 32 برس میں پاکستان کے لیے اولمپکس میں پہلا تمغہ حاصل کرنے کے لیے پرامید ہیں تاہم ان کے پاس موجود اکلوتی جیولن بھی خراب ہو چکی ہے۔

دوسری جانب ان کے حریف انڈیا کے نیرج چوپڑا کے لیے حکومت نے ٹوکیو اولمپکس سے پہلے 177 جیولن خریدے تھے۔

دو ہفتے قبل بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے ارشد نے اپنی جیولن سے متعلق درپیش مشکلات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی جیولن کا مسئلہ تاحال حل نہیں ہو سکا لیکن اس کے لیے ’بٹ صاحب (کوچ)، فیڈریشن والے کوشش کر رہے ہیں اور اس حوالے سے ایک جگہ بات ہوئی ہے۔‘

انھوں نے بتایا تھا کہ ’اس جیولن کی قیمت سات سے آٹھ لاکھ کے قریب ہے جس کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔‘

پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کا جیولن تھرو کا ایونٹ اگست میں منعقد ہو گا، جس سے قبل وہ جنوبی افریقہ میں پانچ ہفتے کے پریکٹس کیمپ کے لیے جائیں گے اور پیرس اولمپکس کے لیے تیاری کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے سنہ 1992 کے بعد سے اولمپکس میں کوئی بھی میڈل نہیں جیتا۔

ارشد ندیم کو درپیش مشکلات پر انڈین حریف نیرج چوپڑا حیران

ارشد ندیم اور انڈیا کے لیے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے نیرج چوپڑا میدان میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے ہوئے نظر آتے ہیں لیکن دونوں ممالک کے کھلاڑیوں میں کافی دوستی بھی ہے۔

ارشد ندیم کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے نیرج چوپڑا کا کہنا تھا کہ ’یہ میرے لیے یہ سوچنا بھی بڑا مشکل ہے کہ انھیں (ارشد ندیم) کو نیا جیولن خریدنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ جتنے وہ قابل ہیں اس کے بعد انھیں یہ مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔‘

’وہ ایک چیمپیئن ہیں اور یقیناً برانڈ انڈورسمنٹ بھی کر رہے ہوں گے اور ضرور کچھ پیسے بھی کما پائے ہوں گے لیکن اس کے باوجود ان کی حکومت کو ارشد کو بالکل ویسے ہی سپورٹ کرنا چاہیے جیسے میری حکومت نے مجھے سپورٹ کیا۔‘

ارشد ندیم، نیرج چوپڑا، پاکستان
Getty Images

’ساری توجہ اولمپکس پر ہے‘

پاکستان کے لیے 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل اور 2018 کے جکارتہ ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے ارشد ندیم نے منگل کو ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو بتایا کہ ان کی تمام توجہ رواں برس اولمپکس کے مقابلے پر مرکوز ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے گول سیٹ کیا ہے کہ اولمپکس سے پہلے ایک، دو ٹورنامنٹ کھیلوں۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کو کہا کہ ’ہم آپ کو پوری سپورٹ کریں گے اور آپ کے کھیل کو فروغ دیں گے۔‘

خیال رہے گذشتہ برس گُھٹنے کی سرجری کے سبب ارشد ندیم چین کے شہر ہانگژو میں ہونے والے ایشین گیمز میں حصہ نہیں لے پائے تھے جبکہ انڈیا کے نیرج چوپڑا نے وہاں گولڈ میڈیا جیتا تھا۔

اس سے قبل دسمبر 2022 میں بھی برطانیہ میں ارشد ندیم کی کُہنی کی ایک سرجری ہو چکی ہے۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.