سردار ایاز صادق کا ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے دیگر ساتھیوں کے جاں بحق ہونے پر دلی تعزیت کا اظہا ر

image

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے دیگر ساتھیوں کے جاں بحق ہونے پر دلی تعزیت کا اظہا ر کیا ہے ۔ منگل کو سپیکر قومی اسمبلی نے ایران کی اسلامی مشاورتی اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر محمد باقر غالیباف کے نام تعزیتی خط میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان اور دیگر کے جاں بحق ہونے پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقعہ کی خبر سے پوری عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ دکھ میں مبتلا ہے ۔صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر قائدین کا انتقال نہ صرف ایرانی عوام بلکہ پوری امت مسلمہ کیلئے بڑا نقصان ہے۔

ایاز صادق نے مرحوم رہنمائوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان صاحب بصیرت رہنمائوں نے اپنی زندگیاں اپنے ملک اور مسلم دنیا کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھیں ، ان کے انتقال پر پوری مسلم امہ سوگوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم اور سوگوار خاندانوں کیلئے یہ ناقابل تلافی نقصا ن ہے،دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی پارلیمان اورعوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں ۔ سردار ایاز صادق نے ایران کے مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک میں دوستی اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا ثبوت تھا۔مرحوم رہنمائوں کے افکار اور نظریات کے احترام میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مسلم ممالک کے درمیان امن، اتحاد اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے مرحومین کو جنت الفردس میں اعلیٰ مقام عطا کرنے جبکہ سوگوار خاندانوں اور ایرانی قوم کو اس آزمائش کی گھڑی میں صبر و جمیل کیلئے دعا کی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.