پاکستان کی بیٹنگ ناکام، دوسرے ٹی20 میں انگلینڈ کی 23 رنز سے کامیابی

image

دوسرے ٹی20 میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

سنیچر کو برمنگھم کے ایجبسٹن سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 184 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستانی کی پوری ٹیم  19.2 اوورز میں 160 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 45، بابر اعظم نے 32 اور افتخار احمد نے 23 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی طرف سے رِیس ٹوپلی نے تین جبکہ معین علی اور جوفرا آرچر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی اننگز

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو پہلا نقصان پہلے اوور میں اٹھانا پڑ گیا جب محمد رضوان صفر پر معین علی کی گیند پر لیام لیونگ سٹون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

آئرلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے بعد انگلینڈ کے خلاف بھی صائم ایوب بڑا سکور کرنے میں ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور صرف دو رن بنا کر رِیس ٹوپلی کی وکٹ بن گئے۔

پاورپلے میں دو وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے اپنے اوپر زیادہ دباؤ نہ آنے دیا۔

فخر زمان نے اپنی اننگز کے آغاز سے ہی تیز کھیلنا شروع کیا اور بابر اعظم کے ساتھ پارٹنرشپ قائم کی۔

بابر اعظم اور فخر زمان نے تیسری وکٹ کے لیے 28 گیندوں پر 53 رنز کی عمدہ شراکت داری قائم کی جس میں دونوں بیٹرز نے میدان کے چاروں جانب شاٹس کھیلے۔ 

انگلینڈ کی جانب سے اپنے کم بیک میچ میں جوفرا آرچر نے دو وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: گیٹی امیجز)

پاکستان کو تیسرا نقصان بابر اعظم کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 32 رنز پر معین علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ اگلے یعنی 10ویں اوور میں گری جب شاداب خان تین رن بنا کر عادل رشید کا شکار بن گئے۔

انگلینڈ کو پانچویں وکٹ کے لیے بھی زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور یوں اعظم خان 11 رنز بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر میدان چھوڑ گئے۔

پاکستان کی چھٹی وکٹ 100 سکور پر گری جب فخر زمان 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کے میچ جیتنے کی امیدیں نہایت کم رہ گئیں تاہم ساتویں وکٹ کے لیے افتخار احمد اور عماد وسیم کی شراکت نے گرین شرٹس کی امیدوں کو دوبارہ زندہ کیا۔

دونوں بیٹرز کے درمیان 40 رنز کی شراکت میزبان ٹیم کے لیے خطرہ بن رہی تھی کہ 16 ویں اوور کی آخری گیند پر افتخار احمد 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

فخر زمان پاکستان کی جانب سے 45 رنز بنا کر نمایاں رہے (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے بعد عماد وسیم بھی میچ وننگ اننگز نہ کھیل سکے اور 22 رنز پر اپنے کم بیک میچ میں جوفرا آرچر کا شکار بن گئے۔

انگلینڈ کو آخری دو وکٹیں حاصل کرنے کے لیے زیادہ محنت نہ کرنا پڑی اور یوں محمد عامر اور شاہین آفریدی یکے بعد دیگرے بالترتیب 5 اور 9 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوز بٹلر نے 84، وِل جیکس نے 37 اور جونی بیئرسٹو نے 25 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے تین جبکہ عماد وسیم اور حارث رؤف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی اننگزانگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا گیا اور دونوں اوپنرز شاہین شاہ آفریدی کے اوپننگ سپیل کو آسانی سے کھیلنے میں کامیاب رہے۔ 

شاہین آفریدی نے چار اوورز میں 36 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)

جوز بٹلر اور فِل سالٹ نے پہلے تین اوورز میں پراعتماد بیٹنگ کی جس کے بعد بابر اعظم نے چوتھا اوور عماد وسیم کو دیا جنہوں نے اپنے سپیل کی پہلی گیند پر ہی فِل سالٹ کو 13 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر دیا۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد انگلش بیٹرز نے پاکستانی بولرز کو حاوی نہ ہونے دیا اور جوز بٹلر نے وِل جیکس کے ساتھ مل کر جارحانہ انداز میں کھیلے۔

انجری کے بعد ٹیم میں واپس آنے والے حارث رؤف نے اپنے پہلے اوورز میں 17 رنز دیے جبکہ شاداب خان بھی اپنے ابتدائی سپیل میں مہنگے بولر ثابت ہوئے۔

دوسری وکٹ کے لیے جوز بٹلر اور وِل جیکس نے 42 گیندوں پر 72 رنز کی شراکت قائم کی۔

پاکستان کو دوسری کامیابی دسویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل ہوئی جب حارث رؤف کی گیند پر وِل جیکس 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

تیسری وکٹ کے لیے جوز بٹلر کا ساتھ نبھانے جونی بیئرسٹور کریز پر آئے جنہوں نے کپتان کے ساتھ مختصر شراکت قائم کی۔

اس شراکت کے دوران جوز بٹلر نے اپنے ٹی20 انٹرنیشنل کیریئر کی 23ویں ففٹی مکمل کی۔ 

جوز بٹلر نے اپنی اننگز میں 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کو تیسری وکٹ 15ویں اوور کی آخری گیند پر ملی جب شاہین آفریدی کی گیند پر جونی بیئرسٹو چھکا لگانے کی کوشش میں 21 رنز بنا کر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ کو چوتھا نقصان بھی جلد ہی اٹھانا پڑ گیا جب عماد وسیم کی گیند پر ہیری بُروک صرف ایک رن بنا کر بولڈ ہوگئے۔

پاکستان بولرز نے ڈیتھ اوورز (اننگز کے آخری پانچ اوورز) میں نپی تلی بولنگ کی اور انگلش بیٹرز کو تیزی سے رنز نہ بنانے دیے۔

اس کے نتیجے میں پاکستان کو جوز بٹلر کی وکٹ حاصل ہوئی جو اپنی اننگز میں 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بن گئے۔

اگلے ہی اوور میں گرین شرٹس نے معین علی کی قیمتی وکٹ بھی حاصل کر لی جو شاہین آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

پاکستان کو ساتویں وکٹ کرس جورڈن کی ملی جو کریز پر مختصر قیام کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر واپس ڈگ آؤٹ روانہ ہوگئے۔

اس میچ میں انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر انجری مسائل کے باعث 14 ماہ کے طویل وقفے کے بعد ٹیم میں واپس آئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر جوز بٹلر کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 28 مئی کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی پلیئنگ الیوناس میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان (وکٹ کیپر)، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔انگلینڈ کی پلیئنگ الیوناس میچ کے لیے انگلینڈ کی پلیئنگ الیون میں فِل سالٹ، جوز بٹلر (کپتان، وکٹ کیپر)، وِل جیکس، جونی بیئرسٹو، ہیری بُروک، لیام لیونگسٹون، معین علی، کرس جورڈن، جوفرا آرچر، عادل رشید اور رِیس ٹوپلی شامل تھے۔ 

خیال رہے کہ آئندہ ماہ سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل دونوں ٹیموں کے پاس تیاری کے لیے یہ سیریز آخری موقع ہے۔

اس سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے امریکہ اور ویسٹ انڈیز روانہ ہوں گی.


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.