نوجوان قومی اثاثہ، ان کو تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق مواقع فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہیں، چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان

image

لاہور ۔26مئی (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوان قومی اثاثہ ہیں ان کو تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق مواقع فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویٹرنری یونیورسٹی لاہور میں جوڈو پراونشل لیگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

جوڈو پراونشل لیگ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے زیر انتظام ہائرایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے اورویٹرنری یونیورسٹی لاہورمیں منعقد کی جا رہی ہے۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں مستقبل میں درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈو ایک ایسا منفرد کھیل ہے جس میں جسمانی چستی اور طاقت کے ساتھ ساتھ دماغی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مد مقابل کو چت کرنا ہوتا ہے،

اس کھیل سے نوجوان ڈسپلن، فوکس اور نامساعد حالات سے مقابلہ کرنے کا سبق سیکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کا پراجیکٹ شروع کیا ہے تاکہ نوجوانوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا شوق پیدا اور ملکی و بیرونی سطح پر پاکستان کا بہترین تشخص بھی بحال کیا جا سکے، یہ پراجیکٹ آئندہ سالوں میں بھی جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک اور پاکستانی بہترین کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ اگر وہ محنت کریں گے تو چاہے کیسے ہی حالات کیوں نہ ہوں جیت ان کے قدم چومے گی اور ان کا مستقبل روشن ہوگا۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام وفاقی حکومت کا ایسا اقدام ہے کہ جس کے تحت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے بیشتر منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن میں کھیلوں کے پراجیکٹس کے ساتھ ساتھ یوتھ لون سکیم اور پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم سرفہرست ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ مملکت خداد پاکستان کو بیش بہا چیلنجز درپیش ہیں مگر وہ پرعزم ہیں کہ نوجوانوں کو ہر میدان میں رہنمائی اور مساوی مواقع فراہم کرنے سے پاکستان کا مستقبل تابناک ہوگا۔ انہوں نے تقریب کے اختتام پر تمام شرکا سے یہ عہد لیا کہ چاہے وہ کسی بھی شعبے سے وابسطہ ہوں ان کا ہدف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.