بیجنگ ۔30مئی (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ میں چین عرب ریاستوں کے تعاون کے فورم سے خطاب میں عرب دنیا کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کی خواہش کا اظہار کیاہے۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق چینی صدر نے بحرین، مصر، متحدہ عرب امارات اور تیونس کے سربراہان مملکت کے ساتھ ساتھ عرب لیگ کے دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر انہوں نے فلسطینی کاز کے لئے کئی وعدے کئے جن میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے ) کو 30 لاکھ ڈالر کا عطیہ اور غزہ کی تعمیر نو میں معاونت کا وعدہ بھی شامل ہے۔چینی صدر نے اپنے ملک کی طرف سے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور اس کے لئے اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ غیر معینہ مدت تک جاری نہیں رہ سکتی اور مشرق وسطیٰ کے اس مسئلے کا دو ریاستی حل ناگزیر ہے۔