غیر قانونی عازمین حج کو ٹرانسپورٹ یا رہائش فراہم کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا،سعودی حکام

image

مکہ مکرمہ ۔30مئی (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ اور وزارت داخلہ نے مکہ مکرمہ کے شہریوں اور مقیم افراد کو بغیر پرمٹ اور حج ویزے کے حج کی ادائیگی کرنے والوں کو ٹرانسپورٹ یا رہائش کی فراہمی سے خبردار کیا ہے، حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی فرد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزارت حج و عمرہ نے سوشل میڈیا پر ایک وڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں وزارت دفاع کے ہمراہ مشترکہ فیلڈ ٹیموں کی کارروائیاں دکھائی گئی ہیں جن کا مقصد ضوابط اور ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں اور جعلی حج کمپینز چلانے والے دھوکا بازوں کو گرفتار کرنا ہے، عازمین حج کے لئے پیغام ہے کہ آپ کے پاس اختیار ہے کہ پرمٹ اور خدمات کے ساتھ قانونی طور پر باسہولت حج ادا کریں یا ضوابط کی خلاف ورزی کر کے جرمانے کا سامنا کریں۔

سعودی وزارت داخلہ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ درست حج پرمٹ کے بغیر افراد کو ٹرانسپورٹ کی فراہمی پر جرمانہ، قید یا دونوں سزائوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ عازمین کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے حج کے ضوابط کی پابندی بے حد اہم ہے، حج کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں بشمول مملکت کے شہریوں، یہاں مقیم اور آئے افراد کو 10 ہزار سعودی ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

ان ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے اور سعودی عرب میں دوبارہ داخلے پر مخصوص مدت کے لئے پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو ٹرانسپورٹ کی فراہمی پر 50 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ اور 6 ماہ قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔

مزید برآں ضوابط کی خلاف ورزی میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو عدالتی حکم پر ضبط ، خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکیوں کو ملک بدر اور ان پر مخصوص مدت کے لئے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد کردی جائے گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.