الجزائر شہر۔4جون (اے پی پی):الجزائر نےاسرائیل کی حمایت کرنے والی مصنوعات یا برانڈز کے بائیکاٹ کے لئے نئی سوشل میڈیا مہم ’ اسے زنگ لگنے دو‘‘ شروع کردی ۔
العریبیہ نیوز کے مطابق اس مہم میں خاص طور پر پیپسی اور کوکا کولا سمیت سافٹ ڈرنکس کے خلاف مہم میں اسے زنگ لگنے دو کا نعرہ استعمال کیا گیا ہے۔سرگرم کارکنوں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور شہریوں نے کسی بھی اسرائیلی پروڈکٹ یا اسرائیل کو سپورٹ کرنے والی مصنوعات کی خریداری کو مکمل طور پر بند کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جن برانڈز کے خلاف مہم چلائی گئی ان میں سے بہت سے برانڈز نے واضح طور پر غزہ پر اسرائیلی جنگ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔کارکنوں نے کہا کہ یہ نعرہ ان تمام اسرائیلی مصنوعات کو چھوڑنے کی ضرورت کی اجاگر کرتا ہے جب تک کہ وہ تباہ نہ ہو جائیں۔ کارکنوں نے اس مہم کو مسلسل جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ کبھی کبھار کا بائیکاٹ کافی نہیں ، مقصد کے حصول کے لیے طویل عرصے تک بائیکاٹ سے ہی اسرائیلی معیشت کو نقصان پہنچایا جاسکتا ہے۔