پاکستان اور سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات قائم

image

اقوام متحدہ۔4جون (اے پی پی):پاکستان اور مشرقی کیریبین میں واقع جزیرہ نما ملک سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز نے باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کر لئے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز سے ان کی ہم منصب انگا رہونڈا کنگ نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو باضابطہ شکل دینے کے لیے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔ منیر اکرم نے پاکستانی مشن میں سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز کی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز کے درمیان اقوام متحدہ میں گرمجوشی پر مبنی قریبی اور تعاون پر مبنی تعلقات کی ایک طویل روایت رہی ہے۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ دونوں دوست ممالک کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات کا قیام تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا باعث بنے گااور اب ہم دونوں ممالک کے سیاحوں، کاروباری وفود اور عوام کے درمیان مزید گہرے رابطوں کے منتظر ہیں۔ انہوں نے سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز کی مندوب کو اتحادی قرار دیا اور اقوام متحدہ کے متعدد فورمز خاص طور پر اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل( ای سی او ایس او سی)کی صدر کے طور پر ان کی بھرپور حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت اس بات کی مثال ہے کہ چھوٹے ممالک کس طرح عالمی اقدامات میں بڑا حصہ ڈال سکتے ہیں۔

اپنے ریمارکس میں سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز کی سفیر نے پاکستانی مندوب کی کی مہمان نوازی اور دوستی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک خاص دن ہے کیونکہ ان کے ملک نے پاکستان کے ساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے نظام کی خوبصورتی یہ ہے کہ یہ لوگوں اور ممالک کو خواہ وہ کتنے ہی بڑے اور چھوٹے کیوں نہ ہوں، ایک بہتر دنیا کی تعمیر کے لیے اپنے مشترکہ وژن کے ساتھ سامنے لاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز مضبوط اتحادی ہیں اور سفارتی تعلقات کے قیام سے ان کے دوطرفہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوں گے۔ تقریب میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندہ عثمان جدون، پاکستانی مشن کے افسران کے علاوہ سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز کے مندوب نے بھی شرکت کی


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.