روم ۔12جون (اے پی پی):اٹلی نے بھارت اور برازیل کو جی 7 سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ تاس کے مطابق اٹلی( جس کے پاس G7 کی صدارت ہے)نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور برازیل کے صدر لوئیز لولا ڈی سلوا کو 13سے 15 جون تک ہونے والے جی سیون سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔اطالوی کابینہ نے کہا کہ تمام مدعو شرکا نے تصدیق کی ہے کہ وہ شرکت کریں گے ، بھارتی اور برازیلی رہنمائوں نے پہلے کہا تھا کہ وہ اس دعوت کو قبول کریں گے۔اس کے علاوہ ارجنٹائن، الجزائر، اردن، کینیا، موریطانیہ (جو افریقی یونین کی صدارت رکھتا ہے)، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، ترکی، تیونس ، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سمیت کچھ بین الاقوامی تنظیموں کے رہنما بھی مدعو ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پوپ فرانسس بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔