اسلام آباد میں ہیلتھ ٹاور تعمیر کرنے کا اعلان، وزیراعظم کا لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت

image

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کا قائداعظم ہیلتھ ٹاور تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بدھ کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ انتہائی اہم اور حساس ہے جس کے ذمے انسانی جانیں بچانے کا اہم فریضہ ہے۔

وزیراعظم نے ہیلتھ ٹاور کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کے حوالے سے فوری طور پر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ہیلتھ ٹاور میں بہترین معیار کے ہسپتالوں کے علاوہ میڈیکل یونیورسٹی، نرسنگ یونیورسٹی، جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ لیبارٹریز اور امراض کی تشخیص کے مراکز قائم کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام ملکی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اور شراکت داروں کی مدد سے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائیں گے۔

وزیراعظم نے قومی وزارت صحت کے زیر تحت لیبارٹریز کے معیار اور کارکردگی کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے وزارت قومی صحت اور اس سے منسلک اداروں میں بہترین استعداد کے ہیلتھ پروفیشنلز کی تعیناتی کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے اور  ڈرگ پرائیسنگ کو ڈریپ سے الگ کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کے صحت کے حوالے سے امور کی نگرانی وہ خود کریں گے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد کے ہسپتالوں کا فضلہ پراسیس کرنے والے پلانٹس کی استعداد میں اضافہ کرنے اور ان پلانٹس کو آؤٹ سورس کرنے کی بھی ہدایت کی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.