خیبرپختونخوا میں سیاحوں کے لیے ہیلی کاپٹر سروس، فی سواری کرایہ 2 سے 7 لاکھ روپے

image

خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے کلچر اینڈ ٹوارزم اتھارٹی نے ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کردیا ہے۔ اس سفاری ہیلی کاپٹر سروس کے لیے نجی ایوی ایشن کمپنی پیٹرو نیٹ کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے۔

محکمہ سیاحت نے سیاحوں کے لیے ہیلی کاپٹر سروس کی ابتدائی سروس چترال کے سیاحتی مقامات سے کی ہے۔

سیاحوں کے لیے چار مختلف ہیلی سفاری سروس متعارف کی گئیں جن میں پہلا ٹور پیکج ایک گھنٹے کا ہوگا جس کا فی سواری کرایہ 6 لاکھ روپے ہے۔ اس میں چترال ایئرپورٹ سے ہیلی سروس شروع کی جائے گی اور لواری پاس، وادی کیلاش کی فضائی سیر کرکے واپس چترال ایئرپورٹ پر سفر کا اختتام ہوگا۔

ہیلی کاپٹر ٹور کا دوسرا پیکج 20 منٹ پر محیط ہے جس میں تریچ میر گلیشئرز کی سیر کروائی جائے گی اس پیکج کا کرایہ فی سواری 2 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔

چترال کی فضائی سیر کا تیسرا پیکج ایک گھنٹے پر مشتمل ہے جس میں تریچ میر کی چوٹیاں اور قاقلشت میڈوز کی سیر کروائی جائے گی۔ اس سروس کے لیے فی سواری 6 لاکھ روپے ہوگا، جبکہ سفاری ہیلی سروس کے چوتھے پیکج کا کرایہ سب سے زیادہ رکھا گیا ہے جو شندور پولو گراؤنڈ تک ہے۔ اس ٹور کا کرایہ فی سواری 7 لاکھ 35 ہزار روپے ہے جو کہ 90 منٹ پر محیط ہے۔

ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کب سے؟

خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹوارزم اتھارٹی کے ترجمان سعد بن اویس نے اردو نیوز کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر سروس کے لیے بکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سیاح اپنا پیکج بکنگ کروانے کے لیے ٹوارزم کی ویب سائٹ پر دیے گئے ای میل ایڈریس اور فون نمبروں پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شندور کا میلہ 28 جون سے 30 جون تک ہوگا جس کے لیے ابھی سے سیاح ہیلی سروس کی بکنگ کرسکتے ہیں۔ 

ترجمان محکمہ سیاحت کے مطابق ہیلی کاپٹر ٹور میں 4 سواریوں سے زیادہ کی گنجائش نہیں ہے۔ ان کے مطابق ’ہیلی سروس کا مقصد چترال کے خوبصورت مقامات کی سیر کروانا ہے کیونکہ اس علاقے میں سڑکوں کی حالت بہت خراب ہے اور ایک مقام سے دوسرے تک جانے کے لیے گھنٹوں سفر کرنا پڑتا ہے، اسی لیے ہیلی سفاری کا آغاز کیا گیا ہے۔‘

ٹوارزم اتھارٹی کے ترجمان سعد بن اویس نے موقف اپنایا کہ چترال میں ہیلی کاپٹر سروس کا دورانیہ زیادہ ہے چونکہ ہیلی کا خرچہ زیادہ ہے اسی مناسبت سے کرایہ مقرر کیا گیا ہے۔ مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر سروس غیرملکی یا ان سیاحوں کے لیے موزوں ہے جو کرایہ برداشت کرسکتے ہیں۔

مقامی ٹور گائیڈ جلیل احمد کے مطابق لگژری ٹوارزم میں ہیلی کاپٹر کا استعمال دنیا بھر میں ہوتا ہے اور یہ کامیاب بھی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی ٹور غیرملکی سیاحوں کے لیے موزوں ہوگا کیونکہ وہ یہ خرچہ برداشت کرسکیں گے۔ 

ٹور گایئڈ کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر سروس کے آغاز سے سیاحت کے شعبے کو فائدہ ہوگا، اگر یہ سروس برقرار رکھی گئی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.