بجٹ تجاویز، کیا نان فائلرز اب بیرون ممالک کا سفر نہیں کر سکیں گے؟  

image

پاکستان میں وفاقی حکومت نے بجٹ 2024 میں نان فائلرز کے بیرون ملک سفر پر پابندی کی تجویز دی ہے جس کے مطابق نان فائلرز بیرون ممالک کا سفر نہیں کر سکیں گے۔ تاہم مذہبی بنیادوں اور تعلیمی سفر کرنے والے نان فائلرز پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

اس حوالے سے چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے اُردو نیوز کو بتایا کہ حکومت کی طرف سے نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے مزید سخت اقدامات ابھی ٹھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فنانس بل 2024 میں ٹیکس قوانین میں ترمیم کے ذریعے نان فائلرز پر سفری پابندیوں کا اطلاق ہو گا۔ ’اگر وہ ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرواتے تو ہم اُنہیں بیرون ملک سفر کرنے کی بھی اجازت نہیں دے سکتے۔‘

نان فائلرز پر سفری پابندی کے لیے کیا طریقہ کار اپنایا جائے گا؟

چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ کا کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں نان فائلرز کو نوٹس بھیج کر اُنہیں ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تلقین کی جائے گی۔ اگر 30 دن گزرنے کے بعد بھی وہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرواتے تو اُن پر سفری پابندی کا اطلاق ہو جائے گا۔

تعلیمی سفر کرنے والے نان فائلرز کو چھوٹ ہو گی: ایف بی آر 

فنانس بل 2024 کے مطابق ایسے نان فائلرز جو بیرون ملک حج یا عمرہ کرنے کے لیے جا رہے اُن پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔مزید برآں تعلیمی سفر کے لیے بھی بیرون ملک جانے والے شہریوں کو بھی استثنیٰ دیا جائے گا۔

دوسری جانب ٹیکس ماہرین ایف بی آر کے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ نان فائلرز کو ڈرا دھمکا کر ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔

سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ نے نان فائلرز کے بیرون ممالک سفر پر پابندی کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر کو نان فائلرز پر ایسی پابندیاں عائد کرنے کی بجائے بجائے اُنہیں اپنی قوتِ نافذہ کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوششیں کرنی چاہییں۔

اُردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ بیرون ممالک سفر کسی مجبوری کے تحت بھی کیا جا سکتا ہے۔

سابق وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ اگر ایف بی آر کو ایسے نان فائلرز کی تمام تفصیلات معلوم ہیں تو اُن پر اس قسم کی پابندیاں عائد کرنے کی بجائے اُنہیں براہ راست ٹیکس نیٹ میں کیوں نہیں شامل کرتا۔

اُنہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ اگر کوئی نان فائلر بیرون ملک اپنے علاج معالجے کی غرض سے جا رہا کو تو تو کیا اُسے بھی روکا جائے گا؟

معاشی ماہرین نے نان فائلرز کے بیرون ملک سفر پر پابندی کی تجویز کو انتہائی قدم قرار دیا ہے۔ فائل فوٹو: آئی سٹاک

ماہر معیشت ڈاکٹر فرخ سلیم کے خیال میں نئے مالی سال کے بجٹ میں صرف نان فائلرز پر ہی توجہ مرکوز رکھی گئی ہے۔ نان فائلرز کی سمیں بند کرنا یا اُن کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کرنے جیسے اقدامات ایک انتہائی قدم ہیں۔

’ڈرا دھمکا کر ٹیکس نیٹ نہیں بڑھایا جا سکتا‘

ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے ایف بی آر کے حالیہ اقدامات پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فرخ سلیم نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں نان فائلرز ہوتے ہی نہیں تاہم کسی بھی ملک میں ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے لیے شہریوں کو ڈرایا دھمکایا بھی نہیں جاتا اور نہ ہی ایسے فیصلوں سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوتا ہے۔

خیال رہے اس سے قبل ایف بی آر نے 5 لاکھ 6 ہزار سے زائد نان فائلرز افراد کی موبائل سمز بند کرنے کیلئے انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کیا تھا۔

ایف بی آر کی ہدایات کے بعد ٹیلی کام کمپنیوں نے اب تک 20 ہزار سے زائد نان فائلرز کی سمز بند کی ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.