بیجنگ ۔13جون (اے پی پی):رواں سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران چین کی درآمدات اور برآمدات کی مجموعی مالیت 17.5 ٹریلین یوآن رہی جو سال بہ سال 6.3 فیصد زیادہ ہے۔چینی میڈیا گروپ کے اعداد و شمار کے مطابق مئی میں درآمدات اور برآمدات کی شرح نمو اپریل کے مقابلے میں 0.6 فیصد اضافے کے ساتھ 8.6 فیصد تک پہنچ گئی۔ رائٹرز سمیت دیگر غیر ملکی میڈیا نے نشاندہی کی کہ امریکا اور یورپ کی جانب سے چین پر عائد تجارتی پابندیوں کے باوجود اس کی غیر ملکی تجارت نے توقع سے زیادہ نتائج حاصل کیے
جس سے نہ صرف یہ ظاہر ہوتا ہے کہ چینی کاروباری اداروں نے غیر ملکی منڈیوں کو فعال طور پر تلاش کرنے میں قابل ذکر نتائج حاصل کیے ہیں بلکہ یہ اس کی معیشت کی لچک کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ رواں سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران چین کی اشیا کی تجارت کی برآمدات میں سال بہ سال 6.1 فیصد اضافہ ہوا، اس میں اعلیٰ تکنیکی مواد اور اضافی قیمت والی مکینیکل و برقی مصنوعات کا برآمدات میں تناسب تقریباً 60 فیصد رہا جبکہ بحری جہازوں، برقی گاڑیوں، گھریلو آلات اور مربوط سرکٹس کی برآمدات میں بالترتیب 100.1 فیصد، 26.3 فیصد، 17.8 فیصد اور 25.5 فیصد اضافہ ہوا۔