اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):او آئی سی کے افریقی ممبر ممالک میں نابینا پن کے بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے او آئی سی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی اور تکنیکی تعاون (کامسٹیک)، اسلامی ترقیاتی بینک اور لیٹن رحمت اللہ بینوولینٹ ٹرسٹ ہسپتال نے مشترکہ طور پر او آئی سی کے افریقی رکن ممالک کے ماہرین امراض چشم کے لیے ایک جامع تربیتی پروگرام شروع کردیا ہے۔
کامسٹیک کی جانب سے جمعرات کو یہاں جاری بیان کے مطابق اس ایک سالہ تربیتی پروگرام کا مقصد برکینا فاسو، چاڈ، آئیوری کوسٹ، جبوتی، گنی، مالی، موریطانیہ، موزمبیق، صومالیہ اور ٹوگو کے 18 ڈاکٹروں کو گلوکوما اور ذیابیطس ریٹینوپیتھی کے علاج میں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ یہ تربیت کورنگی کراچی کے لیٹن رحمت اللہ بینوولینٹ ٹرسٹ ہسپتال میں دی جا رہی ہےجو ایک معروف غیر منافع بخش تنظیم ہے جو نابینا پن کو روکنے اور آنکھوں کی اعلیٰ معیار کی دیکھ بھال فراہم کرنے کے لیے وقف ہے۔ اس پروگرام میں بچوں اور بالغ مریضوں کے لیے طبی اور جراحی دونوں طرح کے علاج کی تربیت شامل ہے جو ان ڈاکٹروں کو اپنے آبائی ممالک میں واپس آنے پر آنکھوں کی دیکھ بھال میں کلیدی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ اس پروگرام سے نابینا پن کو روکنے، اس کا علاج کرنے اور زندگیوں اور کمیونٹیز کو تبدیل کرنے کی مقامی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔