قومی کرکٹ ٹیم کے متعلق ہیڈ کوچ کرسٹن کے چونکا دینے والے انکشافات نے کھلبلی مچا دی

image

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے ڈریسنگ روم کی اندرونی کہانی عیاں کر دی، انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹیم میں اتحاد ہی نہیں ہے۔

گیری کرسٹن کی زیر تربیت گرین شرٹس نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ٹیم سُپر 8 مرحلے تک رسائی میں بھی ناکام رہی تھی۔

ملکی اور غیر ملکی مختلف ذرائع ابلاغ نے قومی ٹیم کی خراب کارکردگی پر ٹیم میں عدم یکجہتی کے شکوک کا اظہار کیا تھا، جس پر گیری کرسٹن نے تصدیق کی مہر لگا دی۔

آخری راؤنڈ میچ میں آئرلینڈ سے کافی تگ و دو کے بعد کامیابی حاصل کرنے والی بابر الیون کے ساتھ میٹنگ میں ہیڈ کوچ ٹیم کی ہر شعبے میں ناکامی پر افسردہ نظر آئے۔

ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کے ساتھ گفتگو میں ان کی کھیل میں عدم دلچسپی پر برہم نظر آئے، انہوں نے کہا کہ اتنی کرکٹ کھیلنے کے باوجود ابھی تک یہ نہیں معلوم کہ کون سا شاٹ کس وقت کھیلنا ہے۔

کھلاڑیوں کے فٹنس معیار پر بھی ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کے سامنے سوالات کھڑے کر دیئے اور جدید کرکٹ سے دور رہنے کی وجوہات بھی پوچھیں۔

گیری کرسٹن نے سینئر کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب سے ٹیم کو جوائن کیا ہے میں نے ٹیم کو متحد نہیں دیکھا، نہ یہ اتحاد میدان میں نظر آیا اور نہ ہی ڈریسنگ میں اس کی ایک جھلک دیکھنے کو ملی۔

ہیڈ کوچ کے مطابق ایسی صورتحال بطور کوچ میں نے کہیں نہیں دیکھی، انہوں نے کھلاڑیوں کو خبردار کیا کہ اگر کھلاڑی ایک ٹیم نہ بنے اور اپنی فٹنس اور اسکلز پر توجہ نہیں دی تو وہ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.