ٹی20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست دے دی

image

ٹی20 ورلڈ کپ سُپر ایٹ مرحلے کے پانچویں میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست دے دی۔ 

جمعہ کو ہونے والا ٹورنامنٹ کا 45واں میچ ڈیرن سیمی نیشنل کرکٹ سٹیڈیم، گروس آئلٹ، سینٹ لوشیا میں کھیلا گیا۔

میچ کے آغاز میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔ 

جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک 65 اورڈیوڈ ملر 43 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ریزا ہینڈرکس 19، کلاسن 9، ایڈن مارکرم 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، معین علی اور عادل رشید نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ جوس بٹلر کے حصے میں ایک رن آؤٹ آیا۔

164 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کے ہیری بروک 53 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ لیام لیونگ سٹون 33،  جوس بٹلر 17، جونی بیرسٹو 16،  فل سالٹ 11 اور معین علی نے 9 رنز سکور کیے۔  

جنوبی افریقہ کی جانب سے  کاگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے 2،2 جبکہ اینریچ نارٹجے اور  اوٹنیل بارٹمین نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک شاندار اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ رہے۔ 

انگلینڈ کی اننگز:

جنوبی افریقہ کے دیے گئے 164 رنز کے ہدف کے جواب میں انگلینڈ کے فل سالٹ اور جوس بٹلر اوپننگ کے لیے میدان میں اترے۔ 

اننگز کے آغاز میں انگلینڈ اوپننگ پارٹنرشپ قائم کرنے میں ناکام رہا اور فل سالٹ دوسرے ہی اوور میں 8 بالز پر 11 رنز بنا کر کاگیسو ربادا کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

سالٹ کے بعد اگلے بیٹر جونی بیرسٹو آئے جو چھٹے اوور میں 20 بالز پر 16 رنز بنا کر کیشو مہاراج کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

انگلینڈ کی جانب سے اگلے بیٹر معین علی میدان میں آئے۔ 

آٹھویں اوور میں انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر 20 بالز پر 17 رنز بنا کر کیشو مہاراج کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

بٹلر کے بعد ہیری بروک کریز پر آئے جبکہ دسویں اوور کے آٖغاز میں معین علی 10 بالز پر 9 رنز بنا کر  اوٹنیل بارٹمین کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

معین علی کے پولین لوٹنے کے بعد  لیام لیونگ سٹون کریز پر آئے اور اِن فورم ہیری بروک کا ساتھ دیا۔ 

دوسری اننگز کا 16واں اوور جنوبی افریقہ کے لیے بہت مہنگا ثابت ہوا، لیونگ سٹون اور ہیری بروک نے دھواں دار بیٹنگ سے انگلینڈ کو واپس میچ میں کھینچ لیا۔  

17ویں اوور کے آغاز میں ہی لیونگ سٹون 17 بالز پر 33 سکور بنا کر ربادا کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

میچ کے آخری اوور میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 14 رنز درکار تھے جب ہیری بروک 37 بالز پر 53 رنز بنا کر اینریچ نارٹجے کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

سیم کرن اور جوفرا آرچر آخری بال تک کریز پر موجود رہے مگر انگلینڈ کو فتح نہ دلوا پائے۔ 

جنوبی افریقہ کی اننگز: 

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی اور پہلی اننگز کے لیے جنوبی افریقہ نے کوئنٹن ڈی کوک اور ریزا ہینڈرکس کو اوپننگ کے لیے بھیجا۔

جنوبی افریقہ نے آغاز میں ہی پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور کوئنٹن ڈی کوک نے 22 گیندوں پر نصف سنچری بنائی جبکہ اوپنر ریزا ہینڈرکس نویں اوور میں 25 گیندوں پر 19 رنز بنا کر معین علی کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

جنوبی اقریقہ کے تیسرے بیٹر ہینرک کلاسن  کریز پر آئے جس کے کچھ ہی دیر بعد ڈی کوک 38 بالز پر 65 رنز بنا کر جوفرا آرچر کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

چوتھے نمبر پر ڈیوڈ ملر میدان میں آئے ہی تھے کہ 13ویں اوور میں ہینرک کلاسن جوس بٹلر کی ڈائریکٹ ہٹ کا شکار ہو کر رن آؤٹ ہوئے۔ کلاسن 13 بالز پر صرف 9 رنز ہی بنا سکے۔ 

کلاسن کے بعد جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم میدان میں اترے مگر زیادہ دیر کریز پر قائم نہ رہ سکے اور دو بالز پر 1 رن بنا کر عادل رشید کی بال پر بولڈ ہوئے۔ 

مارکرم کے بعد ٹرسٹن سٹبس بیٹنگ کے لیے آئے اور کریز پر موجود ساتھی بیٹر ڈیوڈ ملر کا بھرپور ساتھ دیا۔ 

ڈیوڈ ملر انسویں اوور میں 28 بالز پر 43 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر جوفرا آرچر کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ملر کے بعد آنے والے مارکو جانسن بھی پہلی گیند پر ہی آرچر کا شکار بنے اور صفر رن پر پولین لوٹ گئے۔ 

انگلینڈ سکواڈ:

 جوس بٹلر (کپتان/وکٹ کیپر)، معین علی، جوفرا آرچر، جونی بیرسٹو، ہیری بروک، سیم کرن،  لیام لیونگ اسٹون، عادل رشید، فل سالٹ (وکٹ کیپر)، ریس ٹوپلی اور مارک ووڈ

جنوبی افریقہ سکواڈ:

ایڈن مارکرم (کپتان)،  اوٹنیل بارٹمین، کوئنٹن ڈی کوک (وکٹ کیپر)، ریزا ہینڈرکس، ہینرک کلاسن (وکٹ کیپر)، ڈیوڈ ملر، ٹرسٹن سٹبس، کاگیسو ربادا، اینریچ نارٹجے، مارکو جانسن اور کیشو مہاراج

 

آج کے میچ کے بعد انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سُپر ایٹ میں 2،2 میچز کھیل چکے ہیں جس میں جنوبی افریقہ دونوں میچز جبکہ انگلینڈ صرف ایک میچ میں کامیاب ہو پایا۔ 

اس سے قبل انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی اور جنوبی افریقہ نے امریکہ کو 18 رنز سے شکست دی تھی۔

دوسری جانب ٹی20 ورلڈ کپ ٹائٹل کے دو مضبوط دعویدار انڈیا اور آسٹریلیا الگ گروپ میں ہیں اور 24 جون کو سینٹ لوشیا میں ہونے والے مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گے۔ اب تک دونوں ٹیمیں ناقابل شکست رہنے میں کامیاب رہی ہیں۔ 

سُپر ایٹ کے مقابلے ختم ہونے کے بعد، ٹی20 ورلڈ کپ کے چار سیمی فائنلسٹ کا تعین ان کی گروپ سٹینڈنگ کے مطابق کیا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کی ٹاپ آٹھ ٹیموں کو چار ٹیموں کے دو گروپس میں الگ کیا گیا ہے۔ ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ گروپ اے میں انڈیا، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش ہیں جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکہ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔ 

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.