فیفا، ’میسی کا جادو‘ اور عارف لوہار کا ’حادثاتی‘ گیت: ’پریشان مت ہوں، میسی لاہور سے ہیں‘

فیفا نے میسی کی سالگرہ کے موقع پر جو ویڈیو جاری کی اس میں پاکستان کے پنجابی لوک فنکار عارف لوہار کے گیت کو شامل کیا گیا اور گیت بھی وہ جو پہلے ہی خاصا مقبول ہو چکا ہے۔

’میرے خیال میں فیفا کے انسٹاگرام پیج کا ایڈمن کوئی پاکستانی ہے۔۔۔‘ ’نہیں نہیں فیفا کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔۔۔‘

24 جون کو جب فیفا کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے فٹبال کھلاڑی میسی کی سالگرہ کے موقع پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی تو جیسے پاکستانیوں میں ایک کھلبلی سی مچ گئی اور یہ کھلبلی بے وجہ بھی نہیں تھی۔

فیفا کی جانب سے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرنا کوئی نئی بات نہیں لیکن اس مقصد کے لیے کسی پاکستانی اور خاص کر کے پنجابی گانے کو استعمال کرنا کسی انہونی سے کم نہیں۔

فیفا نے میسی کی سالگرہ کے موقع پر جو ویڈیو جاری کی اس میں پاکستان کے پنجابی لوک فنکار عارف لوہار کے گیت کو شامل کیا گیا اور گیت بھی وہ جو پہلے ہی خاصا مقبول ہو چکا ہے۔

فیفا نے اس ویڈیو کے لیے عارف لوہار کے گیت ’آ تنیوں موج کراواں‘ کو چنا اور صرف یہ ہی نہیں بلکہ اس ویڈیو کی کیپشن بھی اردو میں لکھی گئی جو کچھ یوں تھی ’میسی کا جادو‘۔

میسی کی ویڈیو پر پاکستانی گانا اور پاکستانی زبان میں کیپشن دیکھ کر پاکستانی صارفین کو بھی ایسا لگا کہ جیسے یہ کوئی ’جادو‘ ہو گیا۔

دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر پاکستانی اسے بڑی تعداد میں شیئر کرنے لگے اور حیرت اور خوشی کے عالم میں سوال کرتے رہے کہ ’جانی یہ کیا ویڈیو ہے؟‘

کسی کے خیال میں فیفا کا انسٹاگرام اکاؤنٹ کوئی پاکستانی چلا رہا ہے تو کسی کو محسوس ہوا کہ شاید فیفا کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔

اس موقع پر بہت سے صارفین کی حس مذاح بھی جاگ اٹھی۔ حیدر نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’دوستوں پریشان مت ہوں، میسی لاہور سے ہیں۔‘

ایک اور پاکستانی صارف نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میسی ہم میں سے ہی ہیں۔‘

کچھ لوگوں نے مشورہ دیا کہ فیفا کو یہ گیت ورلڈ کپ کے کسی میچ کے دوران بھی چلانا چاہیے۔

https://twitter.com/KB_BUT/status/1805708081671942318

یہ بھی پڑھیے

’آ تینوں موج کراواں‘

نامور پنجابی لوک گلوکار عارف لوہار چمٹے کی دھن پر آج تک کئی مشہور گانے گا چکے ہیں۔ پنجاب کی ثقافت کو اپنے گانوں کے ذریعے سامنے لانے والے عارف لوہار نے جب ’آ تینوں موج کراواں‘ گایا تو اس گانے کو اتنی مقبولیت ملی کہ چاہے انسٹاگرام رِیلز ہوں یا پھر ٹک ٹاک ویڈیوز، ہر جگہ ہی یہ گانا سننے کو ملا۔

اور اب فیفا کی میسی کے حوالے سے ویڈیو پر اس گیت کیی وجہ سے یہ مزید مشہور ہوتا نظر آ رہا ہے۔

فیفا ویڈیو سامنے آنے کے بعد ایک صارف نے اس گانے کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم نے پوری دنیا کے منھ پر عارف لوہار کا گانا لگا دیا۔‘

کچھ صارفین ایسے بھی تھے جنھوں نے لکھا کہ انھیں یہ گیت پسند تو نہیں تھا لیکن اب انھیں یہ اچھا لگنے لگا ہے۔

ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’عارف لوہار ارجنٹینا پہنچ گئے ہیں۔‘

اس گانے کی دلچسپ کہانی سناتے ہوئے عارف لوہار نے بی بی سی کی نازش فیض کو ایک انٹرویو کے دوران بتایا تھا کہ ’میں ایک دن لندن میں تھا۔ میری ٹیم اور میں گانے بنا رہے تھے تو میں نے بچوں کو کہا کہ وہ جا کر دکان سے چپس لے آئیں۔ جب وہ لے کر آئے تو میں نے گُنگنا کر اُنھیں کہا کہ ’آ تینوں چیپس کِھلاواں۔‘

عارف لوہار نے کہا کہ ’اب مجھے نہیں علم تھا کہ یہ دھن بن جائے گی۔ پھر میری ٹیم نے دو سال بعد مجھے یاد کروایا کہ وہ جو دھن آپ نے بچوں کے ساتھ بنائی تھی اُس کا کچھ کریں۔‘

عارف لوہار نے مزید بتایا کہ اس گانے کو جو بعد میں مقبولیت ملی اس کا اُنھوں نے تصور نہیں کیا تھا۔

اس گانے کی خاص بات اس کے الفاظ اور دو پنجابی گلوکار ہیں۔ روچ کِلا اور دیپ جنڈو کینیڈین پنجابی ریپر ہیں۔ روچ کِلا سبھا لیبیا میں پیدا ہوئے اور اُن کے والدین پاکستانی ہیں جبکہ دیپ جنڈو ایک پنجابی پروڈیوسر اور ریپر ہیں جن کا تعلق بھی کینیڈا سے ہے۔

میسی ’فٹبال کے سب سے عظیم کھلاڑی‘

میسی
Getty Images

ویسے تو فٹ بال کے شائقین کے لیے ارجنٹینا کے میسی ایک جانے پہچانے چہرے ہیں اور حال ہی میں اپنی ٹیم کو فٹ بال ورلڈ کپ جتوانے کے بعد میراڈونا اور پیلے کے ساتھ ساتھ فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں کی بحث میں ان کا نام بھی لیا جانے لگا ہے۔

قطر میں ہونے والا فٹ بال ورلڈ کپ ایک ایسا ٹورنامنٹ تھا جس سے میسی کا نام ہمیشہ کے لیے جڑ چکا ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھانے کا خواب ہی تھا جس نے میسی کو اس مقام تک پہنچایا لیکن یہ راستہ آسان نہ تھا۔

2006 سے شروع ہونے والے اس سفر کے دوران کئی بار میسی کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جس میں 2014 میں جرمنی کے ہاتھوں ورلڈ کپ فائنل میں شکست بھی شامل تھی تاہم میسی کو یہ علم ہونا چاہیے تھا کہ یہ اعزاز اتنی آسانی سے ہاتھ آنے والا نہیں۔

لیکن پھر سنہ 2022 میں میسی نے ورلڈ کپ ٹرافی کو برقی روشنیوں کے دھماکے دار طوفان میں فضا میں بلند کیا۔

یہی وہ ایک ٹرافی ہے جسے ان کے لاکھوں پرستار اب اس بات کی گواہی کے طور پر پیش کریں گے کہ وہ اس کھیل کے سب سے عظیم کھلاڑی ہیں۔

میسی کو اس ٹورنامنٹ میں گولڈن بال ایوارڈ بھی ملا اور وہ پہلے کھلاڑی ہیں جنھوں نے 1982 میں اس ایوارڈ کو متعارف کروائے جانے کے بعد سے دو بار یہ جیتا ہے۔ پہلی بار انھوں نے یہ ایوارڈ 2014 میں جیتا تھا۔

میسی نے ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کے لیے 21 گولز میں کردار ادا کیا جن میں سے 13 گول ان کے اپنے تھے۔ اس ورلڈ کپ کے بعد ان کے مجموعی گولز کی تعداد 793 ہو چکی ہے۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.