تاروبا: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
آئی سی سی کے زیر اہتمام امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر ساؤتھ افریقہ کو فیلڈنگ کرنے کی دعوت دے دی، دونوں ٹیمیں برائن لارا کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں۔
افغانستان ٹیم کو ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ پہلے اوور میں افغان بیٹر رحمان اللہ گرباز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ دوسرے اوور میں دوسرا کھلاڑی آؤٹ ہو گیا۔ گلبدین نائب 8 گیندوں پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
افغان ٹیم کا تیسرا کھلاڑی تیسرے اوور میں آؤٹ ہوا۔ ابراہیم زردان 5 گیندوں پر 2 رنز بنا کر کاگیسو ربادا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ چوتھا کھلاڑی بھی زیادہ دیر پچ پر کھڑا نہیں سکا اور محمد نبی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
افغان اسکواڈ
افغانستان کی ٹیم کی قیادت راشد خان کر رہے ہیں، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، گلبدین نائب، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، کریم جنت، ننگیالیا کھروٹ، نور احمد، نوین الحق اور فضل حق فاروقی سکواڈ کا حصہ ہیں۔
جنوبی افریقی اسکواڈ
جنوبی افریقہ کی کپتانی کے فرائض ایڈن مارکرم سرانجام دے رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، ٹرسٹن اسٹبس، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، اینریچ نورٹجے اور تبریز شمسی شامل ہیں۔