یکطرفہ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست، انڈیا ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں

image
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انڈیا نے دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

جمعرات کو نیشنل سٹیڈیم پرووی ڈینس گیانا میں ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 17ویں اوور میں 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

اس سے قبل انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ کی اننگز

انگلینڈ نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو شروعات میں ہی اس کا بیٹنگ آرڈر لڑکھڑا گیا۔ انگلینڈ کو پہلا نقصان کپتان جوس بٹلر کی صورت میں ہوا جو 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد  فل سالٹ پانچ، جونی بیرسٹو صفر، معین علی آٹھ اور سیم کرن دو رنز بنا کر یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔

یوں آٹھ اوورز میں 49 رنز کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی آدھی ٹیم ڈھیر ہوگئی۔

ان کے علاوہ ہیری بروک 25، لیام لیونگ سٹون 11، کرس جارڈن ایک، عادل رشید دو اور جوفرا آرچر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ریس ٹوپلی تین رنز کے ساتھ  ناٹ آؤٹ رہے۔

انڈیا کی جانب سے جسپریت بمراہ نے دو جبکہ اکشر پٹیل اور کلدیپ یادیو نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

انڈیا کی اننگزانگلینڈ نے ٹاس جیت کر انڈیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اوپنر وراٹ کوہلی اور روہیت شرما نے ابتدائی تین اوورز میں 19 رنز بنائے۔

انڈیا کو پہلا نقصان وراٹ کوہلی کی صورت میں ہوا۔ وہ ایک مرتبہ پھر اچھی کارگردگی دکھانے میں ناکام رہے اور دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر صرف نو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد رشبھ پنت بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور چھ گیندوں پر چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان روہت شرما نے چھ چوکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور 14 ویں اوور میں عادل رشید کے ہاتھوں اس وقت کلین بولڈ ہوئے جب ٹیم کا مجموعی سکور 113 تھا۔

انڈیا کی جانب سے روہت شرما 57 جبکہ سوریہ کمار یادو 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے (فوٹو: گیٹی)سوریا کمار یادو نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 47 بنائے اور  گیند کو باؤنڈری سے باہر کھیلنے کی کوشش میں جوفرا آرچرکو کیچ تھما بیٹھے۔

اس کے علاوہ ہاردک پانڈیا 23، شیوم دوبے صفر، اکشر پٹیل 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ رویندر جدیجہ 17 اور ارشدیپ سنگھ ایک رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے تین جبکہ ریس ٹوپلی، جوفرا آرچر، سیم کرن اور عادل رشید نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

یاد رہے کہ میگا ایونٹ کا یہ بڑا مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار رہا۔

انڈیا نے آسٹریلیا جبکہ انگلینڈ نے امریکہ کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

موسم کی خرابی کی وجہ سے میچ تاخیر کا شکار رہا (فوٹو: گیٹی)اس سے قبل انگلینڈ نے 2022 میں پاکستان کو شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کیا تھا، تاہم انڈیا سنہ 2007 کے بعد ٹی20 ورلڈ کپ دوبارہ نہیں جیت سکا۔

انڈیا کے پاس سنہ 2011 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ وہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے کسی بھی فارمیٹ (50 اوورز یا 20 اوورز) کا فائنل جیتے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

 

انڈیا کا سکواڈ

روہت شرما(کپتان)، وراٹ کوہلی، رشبھ پنت، سوریہ کمار یادو، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، رویندر جدیجہ، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادیو اور جسپریت بمراہ انڈین سکواڈ میں شامل تھے۔

انگلینڈ کا سکواڈ

جوس بٹلر (کپتان)، فل سالٹ، جونی بیرسٹو، ہیری بروک، معین علی، لیام لیونگ سٹون، سیم کرن، کرس جارڈن، جوفرا آرچر، عادل رشید اور ریس ٹوپلی انگلینڈ کے سکواڈ کا حصہ تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.