نئی دہلی ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون کی چھت گر گئی، شیڈول پروازیں منسوخ

image

انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوگئے ہیں۔

انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعے کی صبح موسلادھار بارش کے باعث اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون کے ایک حصے کی چھت نیچے کھڑی کاروں پر گر گئی۔

انڈین سول ایوی ایشن کے وزیر رام موہن نائیڈو کنجاراپُو کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد دوپہر 12 بجے تک شیڈول تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

حکام کے مطابق ٹرمینل کی چھت صبح ساڑھے پانچ بجے پک اپ اینڈ ڈراپ ایریا میں موجود گاڑیوں پر گری جس کی وجہ سے چار کاروں کو نقصان پہنچا۔

ریسکیو آپریشن کے دوران ایک شخص کو گاڑی سے باہر نکالتے ہوئے دیکھا گیا جس کے سر پر سریا لگا تھا۔

نئے منتخب ہونے والے وزیر رام موہن نائیڈو کے مطابق اس ٹرمینل سے دوپہر دو بجے کے بعد شیڈول فلائٹس اب ٹرمینل ٹو اور تھری سے اُڑان بھریں گی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر نے اس واقعے کو ’نہایت سنجیدہ‘ قرار دیتے ہوئے مرنے والے شخص کے لواحقین کو 20 لاکھ اور زخمی ہونے والے افراد کو تین لاکھ انڈین روپے دینے کا اعلان کیا۔

خیال رہے کہ اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون سے صرف انڈیگو اور سپائس جیٹ کی ڈومیسٹک پروازوں اُڑان بھرتی ہیں۔

واضح رہے کہ اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں سے ایک ہے جہاں سے روزانہ لگ بھگ 1400 کے قریب پروازیں آپریٹ ہوتی ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.