سابق پاکستانی کھلاڑیوں کی ٹیم سیمی فائنل میں: ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز برمنگھم میں ہی کیوں منعقد کروائی گئی

برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز ٹورنامنٹ میں پاکستان کے سابق کھلاڑیوں کی ٹیم پاکستان چیمپیئن نے انگلینڈ چیمپیئن کو باآسانی شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز ٹورنامنٹ میں پاکستان کے سابق کھلاڑیوں کی ٹیم پاکستان چیمپیئن نے انگلینڈ چیمپیئن کو باآسانی شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

ایجبیسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان چیمپیئن نے فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا اور انگلینڈ کو 79 رنز سے شکست دی۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی منظوری سے ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے سابق، ریٹائرڈ اور نان کانٹریکٹڈ کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

اس ٹورنامنٹ کے تمام میچز برمنگھم میں کھیلے جا رہے ہیں اور فائنل 13 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان چیمپیئنز، انگلینڈ چیمپیئنز، انڈیا چیمپیئنز، جنوبہ افریقہ چیمپیئنز، ویسٹ انڈیز چیمپیئنز اور آسٹریلیا چیمپیئنز شامل ہیں۔

اس ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ ہے کہ ان تمام ٹیموں میں بیک وقت ایسے متعدد کھلاڑی کھیل رہے ہیں جو کہ ماضی میں کرکٹ کے میگا سٹار کہلائے جاتے تھے۔

یہ وہ پہلا کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں جس میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ایک ایسا ہی ٹورنامنٹ ’لیجنڈز لیگ کرکٹ‘ عمان، قطر اور انڈیا میں بھی کھیلا جا چکا ہے۔

تاہم ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز اس لیے زیادہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس طرح کے دیگر ٹورنامنٹ کبھی اتنی پذیرائی حاصل نہیں کر سکے۔

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کے میچز کو دنیا بھر میں بڑے براڈکاسٹرز نشر کر رہے ہیں جس میں سٹار سپورٹس، ٹی این ٹی سپورٹس، سُپر سپورٹس، وِلو ٹی وی اور فوکس سپورٹس شامل ہیں۔

اس ٹورنامنٹ میں پاکستان چیمپیئنز کی کپتانی یونس خان کر رہے ہیں، جبکہ کامران اکمل، شرجیل خان، صہیب مقصود، شعیب ملک، شاہد آفریدی، عامر یامین، وہاب ریاض، سہیل تنویر، مصباح الحق، سہیل خان، محمد حفیظ، عبدالرزاق، اور سعید اجمل بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز منعقد کس نے کروائی؟

ایجبیسٹن کرکٹ گراؤنڈ کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کا انعقاد انڈیا اور دبئی میں واقع زاباوا انٹرٹینمنٹ نامی کمپنی نے کروایا ہے جو کہ بالی وڈ کی فلمیں اور میوزک بناتی ہے۔

اس ٹورنامنٹ کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی حمایت حاصل ہے۔

ایجبیسٹن کرکٹ گراؤنڈ کی ویب سائٹ کے مطابق اس لیگ کا انعقاد زاباوا انٹرٹینمنٹ کے ڈائریکٹر ہرشت تومار کا آئیڈیا تھا۔

ہرشت تومار کا کہنا تھا کہ ’ہم دنیا بھر میں فینز تک زبردست سپورٹس انٹرٹینمنٹ پہنچانا چاہتے ہیں۔‘

زاباوا انٹرٹینمنٹ کی اپنی ویب سائٹ کے مطابق یہ کمپنی انڈیا میں رجسٹرڈ ہے اور ایک اُبھرتا ہوا فلم پروڈکشن ہاؤس ہے۔ ہرشت تومار خود بھی بطور گلوکار میوزک انڈسٹری کا حصہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں بالی وڈ اداکار بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔

https://twitter.com/WclLeague/status/1795696713539174408

میچز کے دوران اجے دیوگن اور جیکلین فرنینڈس جیسے اداکار بھی گراؤنڈ کے اندر کھلاڑیوں سے ملتے ہوئے نظر آئے ہیں۔

ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ایک ایسے شہر میں منعقد کروایا گیا ہے جہاں انڈین اور پاکستانی نژاد افراد بڑی تعداد میں آباد ہیں۔ اس کی ایک جھلک پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کے دوران دیکھنے کو ملی جس میں دونوں ہی ممالک کے سابق کھلاڑیوں کو دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد گراؤنڈ میں موجود تھے۔

اس کے ساتھ ہی اس ٹورنامنٹ کو انڈیا اور پاکستان دونوں میں ہی دکھایا جا رہا ہے اور متعدد بڑے سپورٹس چینلز اس ٹورنامنٹ کے براڈکاسٹنگ رائٹس خرید چکے ہیں۔

ساتھ ہی سابقہ اور چند نان کانٹریکٹڈ کھلاڑیوں کی ٹیم میں موجودگی کے باعث ٹیموں کا بیلنس اس سے قبل ہونے والی لیگز کے مقابلہ میں قدرے بہتر ہے۔ یہ پہلا موقع ہے ملکوں کی سطح پر فرینچائز لیگ منعقد کروائی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچوں کی کشش اب بھی کرکٹ کی دنیا میں تمام دیگر مقابلوں پر حاوی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ماضی میں انگلینڈ اور حال ہی میں آسٹریلیا کی جانب سے اپنے ممالک میں دونوں ٹیموں کے ساتھ مل کر ٹرائی سیریز کروانے کی بات کی جا چکی ہے۔

اس ٹورنامنٹ کے دوران بھی ایجبسٹن میں مداحوں کی بڑی تعداد کا گراؤنڈ میں آنا اس بات کی دلیل ہے کہ انڈیا پاکستان میچ اگر سابق کھلاڑیوں کا ہی کیوں نہ ہو، اس میں دلچسپی بہرحال اب بھی برقرار ہے۔

پاکستان چیمپیئنز فرینچائر کا مالک کون ہے؟

ٹورنامنٹ میں شامل فرنچائز پاکستان چیمپیئنز کے مالک آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیت کامل خان ہیں۔

ان کی پروفائل کے مطابق وہ رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے منسلک ہیں، ایک پیشہ ور ایونٹ آرگنائزر ہیں اور کرکٹ میں بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کی ویب سائٹ کے مطابق کامل خان کہتے ہیں کہ ’پاکستان چیمپیئنز کی ٹیم کا میری ملکیت میں ہونا ایسا ہے جیسے کوئی خواب سچ ہوگیا ہو۔‘

ٹورنامنٹ میں لوگوں کی دلچسپی اور پاکستان بمقابلہ انڈیا

پاکستان چیمپیئنز اور انڈیا چیمپیئنز کی ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں سنیچر کے دن مدمقابل آئے تھے۔ اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق شائقین کی اس میچ میں دلچسپی اس قدر تھی کہ تمام 23 ہزار ٹکٹ فوراً ہی فروخت ہو گئے تھے۔

پاکستان چیمپیئنز نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شرجیل خان، کامران اکمل اور صہیب مقصود کی نصف سینچریوں کی بدولت انڈیا چیمپیئنز کو مقررہ 20 اوورز میں 244 رنز کا ہدف دیا تھا۔

تاہم یوراج سنگھ کی قیادت میں انڈیا چیمپیئنز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 175 رنز بنا سکی اور پاکستان چیمپیئنز کی ٹیم یہ میچ 68 رنز سے جیت گئی۔

اس ٹورنامنٹ میں شائقین کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی لوگ ایجبیسٹن میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ پر تبصرے کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

پاکستانی فاسٹ بولر جنید خان نے سنیچر کو انڈیا کے لیے ایک خراب دن قرار دیا کیونکہ نہ صرف انڈیا چیمپیئنز کو اس روز پاکستان چیمپیئنز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی بلکہ دوسری طرف ٹی 20 میچ میں انڈیا کی قومی ٹیم بھی زمبابوے سے ہار گئی تھی۔

https://twitter.com/JunaidkhanREAL/status/1809676568681390517

پاکستانی صحافی سلیم خالق نے ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ریٹائرڈ کھلاڑیوں کا ایونٹ مزے دار ہے لیکن جس طرح سے ہمارے فینز لطف اندوز ہو رہے ہیں اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ اپنے اصلی ٹیم کو جیتتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔‘

https://twitter.com/saleemkhaliq/status/1809902942486720996

خیال رہے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے مایوس کُن کارکردگی دکھائی تھی اور میگا ایونٹ کے پہلے ہی مرحلے میں ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھی۔

ایک اور سوشل میڈیا صارف نے پاکستان چیمپیئنز اور انڈیا چیمپیئنز کے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ دونوں ٹیموں کا مقابلہ دیکھتے ہوئے انھیں پرانے لمحات کی یاد آ گئی۔

انھوں پاکستان چیمپیئز کے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ لوگ ہماری موجود پاکستانی ٹیم سے زیادہ سے زیادہ اچھا کھیل رہے ہیں۔‘

پاکستان چیمپیئنز کی ٹیم ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں اب تک تین میچ کھیل کر ناقابلِ شکست رہی ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں اتوار کو پاکستان چیمپیئنز کی ٹیم انگلینڈ چیمپیئنز کا مقابلہ کرے گی۔

دیگر ٹیموں میں کون کون کھلاڑی کھیل رہے ہیں؟

انگلینڈ چیمپیئنز: عثمان افضل، کرس شوفیلڈ، فلپ مسٹرڈ، اویس شاہ، روی بوپارا، سمت پٹیل، کیون او برائن، سٹیورٹ میکر، رائن سائیڈ باٹم، اجمل شہزاد اور ساجد محمود۔

انگلینڈ چیمپیئنز ٹیم کے مالک پراوین کمار اور بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنینڈس ہیں۔

انڈیا چیمپیئنز: سریش رائنا، امبتی رائدو، یوسف پٹھان، روبن اُتھاپا، گرکریت مان، یوراج سنگھ، عرفان پٹھان، آر پی سنگھ، ہربھجن سنگھ، ونے کمار اور راہُل شکلا۔

آسٹریلیا چیمپیئنز: بین ڈنک، ٹم پین، شان مارش، ایرون فنچ، ڈینئیل کرسٹن، جان ہیسٹگز، زیویر ڈوہرٹی، پیٹر سڈل، ناتھن کولٹرنائل، بریٹ لی اور ڈرک نینس۔

ساؤتھ افریقہ چیمپیئنز: گریم سمتھ، ہرشل گبز، فاف ڈو پلیسی، جے پی ڈومنی، جیک کیلس، رائن میک لیرن، مکھایا نتینی، ڈیل سٹین، روری کلینویلٹ اور ویرون فیلنڈر۔

ویسٹ انڈیز چیمپیئنز: کرس گیل، سیموئل بدری، روی رامپال، ڈیرن سیمی، ایشلے نرس، جوناتھن کارٹر، ڈیون سمتھ۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.