چیئرمین پی سی بی کا ٹیم کی کارکردگی کی بہتری کیلئے بڑے فیصلوں کا اعلان

image

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کرکٹ اور ٹیم کی کارکردگی کی بہتری کے لیے بڑے فیصلوں کا اعلان کردیا۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں محسن نقوی کی زیر صدارت 3 گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں کرکٹ کی بہتری کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

بورڈ نے گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کو بھی سلیکشن کمیٹی میں شامل کرلیا اور ہر کھلاڑی کا ہر 3 ماہ بعد فٹنس ٹیسٹ لازمی قرار دیا جب بورڈ نے فیصلہ کیا ہےکہ ہر کھلاڑی کو لازماً ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہوگی، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے طریقہ کار کو سلیکشن کمیٹی حتمی شکل دے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم فی الحال کم نہیں کی جائے گی، سینٹرل کنٹریکٹ کی مدت ایک برس کے لیے ہو گی، کنٹریکٹ کے کھلاڑیوں کی پرفارمنس اور فٹنس پر ہر برس جائزہ لیا جائے گا، کنٹریکٹ کی مختلف کیٹیگریز میں کھلاڑیوں کی شمولیت وضع کردہ طریقہ کارکے تحت ہوگی، فٹنس اور پرفارمنس کے معیار پر پورا اترنے والے کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا، معیار پر پورا نہ اترنے والے کھلاڑیوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہو گی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہوگی، ٹیم کے اندر یونٹی اور اتفاق نظر آنا چاہیے، گروپنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اس پر مینجمنٹ کو سخت ایکشن لینا چاہیے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کسی بھی کھلاڑی کے بارے میری سفارش بھی نہ مانی جائے۔

محسن نقوی نے اسلام آباد اور پشاور میں بھی ہائی پرفارمنس سینٹرز بنانے کی ہدایت کی، اس سلسلے میں گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی حتمی رپورٹ پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی مکمل بااختیار ہیں، ان پر پورا اعتماد ہے، انہیں فری ہینڈ دیا ہے، امید ہے کہ دونوں بہترین نتائج دیں گے۔

دوسری جانب ڈومیسٹک کنٹریکٹ کا جائزہ لینے کے لیے محمد یوسف، اسد شفیق، عثمان واہلہ اور ندیم خان کو ذمہ داری دے دی گئی۔


News Source   News Source Text

کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.