ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

image

اسلام آباد: ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ لاہور، کوئٹہ سمیت ملک کی مختلف شہروں میں آج موبائل فون سروس جزوی طور پر بند رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق یوم عاشور کے سلسلے میں آج ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں اور مجالس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ جلوسوں اور مجالس میں حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

لاہور میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس 9 محرم الحرام کی رات نثار حویلی سے برآمد ہوا جو کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا۔ مرکزی جلوس کے لیے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس چوک شہداء علمدار روڈ سے برآمد ہو گا۔ جو روایتی راستوں علمدار روڈ، طوغی روڈ، میزان چوک، لیاقت بازار سے گزرے گا۔ جنکشن چوک، پرنس روڈ، میکانگی روڈ، نوریاسین گلی سے ہوتا ہوا واپس علمدار روڑ پر اختتام پذیر ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان میں ہیلتھ سینٹرپر حملہ ،2 لیڈی ہیلتھ ورکرز ، 2 بچے ، ایک چوکیدار جاں بحق

جلوس میں 32 ماتمی دستے شامل ہوں گے جو مغرب تک اختتام پذیر ہو گا۔ جس کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوس کے روٹ سے ملنے والے تمام راستے سیل کر دیئے گئے۔ روٹ اور حساس علاقوں میں 6600 سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔

چنیوٹ میں نو سنہری تعزیوں پر مشتمل سیج جلوس کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ سیج تعزیوں کے جلوس رات ایک بجے شروع ہوگئے۔ 40 سے 50 من وزنی سیج تعزیوں پر پالکی سائیاں اور چاند تارہ نہیں ہوتا۔ سیج تعزیے مختلف علاقوں اور تنگ گلیوں سے گزار کر چوک ترکھاناں لائے گئے۔

تعزیے سحر کے وقت چوک ترکھاناں پہنچے اور آذان فجر کے وقت تمام تعزیوں کے جلوس واپس اپنے گھروں کو چلے گئے۔ 10 محرم کو مکمل تعزیوں کے جلوس دوپہر کے بعد پھر میدان ترکھانا کی طرف روانہ ہوتے ہیں۔ تعزیوں کے تمام جلوس میدان ترکھانا میں مغرب سے پہلے پہنچ جاتے ہیں۔

دوسری جانب یوم عاشور پر حکومت نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں موبائل فون سروس مکمل بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صرف جلوس اور مجالس والے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل کی جائے گی۔ کوئٹہ میں آج صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک موبائل سروس بند رہے گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.