یوم عاشور پر وزیراعظم و صدر کا خصوصی پیغام

image

یوم عاشور کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے خصوصی پیغام جاری کئے ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یوم عاشور حضرت امام حسین ؓ کی میدان ِکربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے، امام حسین اور ان کے وفادار ساتھی ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ گئے، امام حسین ؓ اور ساتھیوں نے اسلامی اقدار کے احیا، امت ِمسلمہ کے حقوق کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا، امام حسین کی شہادت میں امت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے۔

یوم عاشور کے حوالے سے قوم کے نام پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ امام حسینؓ نے شدید دباؤ، مشکلات کے باوجود ظالم و جابر حکمران کے خلاف کلمہ ِحق بلند کیا، امام حسین ؓنے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے اور آزمائشوں میں ثابت قدم رہنے کا درس دیا۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں موبائل سروس جزوی بند رہے گی

امام حسین ؓ اور آپ کے بہادر ساتھی ظلم کے خلاف مزاحمت کی عظیم مثال ہیں، آپ نے دین کی خاطر جان اور اہل و عیال کی قربانی تو گوارا کی مگر ظالم کے آگے سر نہ جھکایا،آج اسلام امام حسین ؓاور انکے ساتھیوں کی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا میدانِ کربلا میں قربانیاں اہل ِ ایمان کے جذبات کو امتحان وابتلا کے وقت میں جلا بخشتی ہیں، آج کشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو آزمائشوں اور مصائب کا سامنا ہے، فلسطینی اور کشمیری عوام انصاف اور آزادی کیلئے سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، فلسطینی اور کشمیری عوام کی جدوجہد ان کے پائیدار عزم و استقلال اور جذبے کا ثبوت ہے۔

واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنے ظلم وجبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، قوم کی فلاح اور بہتری کی خاطر ذاتی مفادات ایک طرف رکھتے ہوئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے، پوری پاکستانی قوم سے صبراور محنت کرنے، انصاف کیلئے کھڑے ہونے کی اپیل کرتا ہوں، ہمیں غریبوں اور ناداروں کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں قوم کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا اللہ تعالی ہمیں امام حسینؓ کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔ امین

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور بے شمار فضائل اور تاریخی واقعات کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے، اس دن نواسہ رسولﷺ نے حق اور باطل کی لڑائی میں جانوں کا نذرانہ دے کر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا۔

ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم عاشور کے موقع پر پیغام میں کہا کہ کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے یہ ثابت کردیا کہ حق لازوال اور باطل مٹنے کیلئے ہے۔ امام حسینؓ کربلا کے میدان میں یزید کی جابرانہ حکومت کے خلاف جرات و استقامت کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے، امام حسینؓ کی شہادت ہمیں باطل اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اس وقت بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، اس مشکل وقت میں ضروری ہے ہم صبر، اتحاد اور بھائی چارے کا مظاہرہ کریں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئیے، حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی قربانیوں سے درس حاصل کریں، آزمائشوں میں بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.