آج لندن نویں ہم ایوارڈز کے رنگوں سے جگمگائے گا

image

(شازیہ انور)لندن کی عوام آج کی رات ایک یادگار تقریب میں شرکت کیلئے تیار ہیں کیونکہ آج وہ رات ہے جب پاکستان کے سب سے بڑے اور موقر میڈیا ہائوس ہم ٹی وی کی جانب سے ایک انتہائی شاندار ‘ پروقار اور ستاروں بھری ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔

ہم ٹی وی کی جانب سے گزشتہ کئی سالوں سے بین الاقوامی سطح پر ایوارڈز کی تقریب منعقد کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ اپنی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے ہم ٹی وی نے لندن کے او ایرینا ویمبلے میں اپنے نویں ایوارڈز (برائے سال 2022اور سال2023) کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ جس میں پاکستان کے مایہ ناز فنکاروں اور باصلاحیت اداکاروں کی شاندار پرفارمنس پیش کی جائے گی۔

ہم ایوارڈز کی یہ تقریب جنوبی ایشیا کے تفریحی منظر نامے کی اہم اور پرکشش تقریبات میں سے ایک ہے کیونکہ ہم ٹی وی کے سیریلز اوران سے وابستہ اداکار خطے اور دنیا بھر میں اردو بولنے اور سمجھنے والے حلقوں میں بے پناہ مقبول ہیں۔

دنیا بھر میں اپنے شاندار کانٹینٹ‘دلچسپ ڈراموں اور تقریبات کے حوالے سے مشہور ہم ٹی وی کی جانب سے نویں ہم ایوارڈز کی تاریخوں کے اعلان کیساتھ ہی دنیا بھر کے شائقین اپنے پسندیدہ ستاروں کی شاندار پرفارمنس‘ تقریب کے دلکش لمحات اور دلچسپ مناظر کو دیکھنے کے بے چینی سے منتظر ہیں کیونکہ نویں ہم ایوارڈز میں بھی موسیقی‘ رقص اور کامیڈی کے دلچسپ امتزاج کی توقع ہے۔

اس رنگارنگ تقریب میں ہم ٹی وی کی جانب سے اپنے فنکاروں کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا جائے گا۔اس ضمن میں کیٹیگریز کا اعلان کیا گیا جبکہ ووٹنگ لائنز10ستمبر کو بند کردی گئیں‘ اس دوران لاکھوں انٹریز وصول ہوئیں جنہوں نے فاتحین کے انتخاب کا فیصلہ کیا‘ اعلان کردہ کیٹیگریز اور نامزدگیوں کے مطابق بیسٹ ایکٹر فی میل 2023 کیلئے سحر خان فیری ٹیل کیلئے ‘مایا علی یونہی‘ عروہ حسین نیم کیلئے ‘کنزا ہاشمی میرے بن جائو ‘ حبا بخاری جھوک سرکا جب کہ دنانیر کو محبت عشق میری کے ناموں کا اعلان کیا گیا ۔

بیسٹ ایکٹر میل2023 زاہد احمد میرے بن جائو ‘ خوشل خان محبت گمشدہ میری ‘ حمزہ سہیل فیری ٹیل ٹو ‘فرحان سعید جھوک سرکار ‘ بلال اشرف یونہی اورامیر گیلانی نیم کیلئے نامزد کئے گئے ۔

بیسٹ ایکٹر فی میل2022 کبری خان سنگ ماہ ‘ ہانیہ عامر سنگ ماہ ‘ سونیا حسین تنکے کا سہارا ‘ یمنی زیدی بختاور ‘رمشا خان ہم تم ‘یمنی زیدی عشق لااور حدیقہ کیانی کو دوبارہ کیلئے نامزد ہوئیں۔

بیسٹ ایکٹر میل2022 اذان سمیع خان عشق لا‘ عاطف اسلم سنگ ماہ ‘ احد رضا میر ہم تم ‘بلال عباس دوبارہ ‘ فرحان سعید بادشاہ بیگم اورسمیع خان تنکے کا سہارا کیلئے نامزد ہوئے ۔

بیسٹ آن اسکرین جوڑی 2023 کیلئے مایا علی اور بلال اشرف یونہی ‘ دنانیر مبین اور خوشل خان محبت گمشدہ میری ‘حبا بخاری اور فرحان سعید جھوک سرکار ‘ کنزی ہاشمی اور زاہد احمد میرے بن جائو ‘ مروہ حسین اور امیر گیلانی نیم جبکہ سحر خان اور حمزہ سہیل فیری ٹیل 2 میں مقابلہ ہوگا۔

بیسٹ آن اسکرین جوڑی برائے سال 2022 کبری خان اور عاطف اسلم سنگ ماہ‘ حدیقہ کیانی اور بلال عباس دوبارہ‘ یمنی زیدی اور اذان سمیع خان عشق لا‘رمشا خان اور احد رضا میر ہم تم جبکہ ہانیا عامر اور زاویار نعمان سنگ ماہ مدمقابل ہیں۔

بیسٹ اوریجنل سائونڈ ٹریک 2022اور2023دوبارہ کیلئے شجاع حیدر‘عشق لا کیلئے اذان سمیع خان ‘ سنگ ماہ کیلئے ساحر علی بگا‘بختاور کیلئے شیراز اپل جبکہ یونہی کیلئے سمیع خان کو نامزد کیا گیا ہے۔

بیسٹ ڈرامہ سیریل 2022 کیلئے بختاور ‘سنگ ماہ‘ دوبارہ ‘ تنکے کا سہارا ‘ عشق لا اورہم تم مدمقابل ہیں جبکہ بیسٹ ڈرامہ سیریل 2023 یونہی ‘ میرے بن جائو ‘ محبت گمشدہ میری‘ جھوک سرکار ‘ نیم ‘ فیری ٹیل ٹو میں مقابلہ ہوگا۔

ایوارڈز میں شرکت کیلئے ہانیہ عامر ‘ فرحان سعید ‘یمنی زیدی‘ ماہرہ خان‘ صبور علی‘ دنانیر مبین‘ سونیا حسین‘ خوشل خان‘ مامیا شاہ جعفر‘ احتشام الدین‘ علی انصاری‘ رمشا خان ‘ عاطف اسلم‘ کبری خان‘ احمد علی اکبر‘ احد رضامیر‘ سحر خان ‘ ماورا حسین‘ اسامہ خان ‘ نومی انصاری‘ حبا بخاری‘ زاویار نعمان‘ علی رحمن‘ بشری انصاری‘ اسامہ خان ‘سید جبران‘ ثانیہ سعید ‘ سمیع خان ‘سیف حسن‘ہم ٹی وی ‘ مومل پروڈکشنزاور ایم ڈی پروڈکشن کی اعلیٰ انتظامیہ سمیت دیگر لندن پہنچ چکے ہیں۔

ایوارڈ کی میزبانی کے فرائض یمنی زیدی‘ احمد اکبر علی ‘ احمد علی بٹ سمیت دیگر کرتے نظر آئیں گے۔ امسال کبری خان‘ فرحان سعید ‘ہانیہ عامر اور دیگر کی پرفارمنسز بھی دیکھنے میں آئیں گی جبکہ نویں ہم ایوارڈز کے ریڈ کارپٹ کی میزبان ہیں ہاجرہ لال جی اور علی انصاری ۔

اس شام کون جیتے گا ‘ کون مقابلے کی دوڑ میں پیچھے رہ جائے گا یہ جاننے کیلئے آج رات کا انتظار کرنا ہوگا ‘ پنڈال سج چکا ہے اور مہمان اووارینا ویمبلے پہنچنے والے ہیں‘ کچھ ہی دیر میں سوشل میڈیا اکائونٹس ایوارڈز کی کوریج سے بھرے نظر آئیں گے ۔ ہماری دعائیں جیتنے والوں کیساتھ ہیں اور جنہیں ایوارڈ نہ ملے ان سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ “تم جیتو یا ہارو ہم کو تم سے پیار ہے”

یاد رہے کہ ہم ایوارڈز پاکستانی تفریحی صنعت کا ایک ایسا مشہور و مقبول سلسلہ ہے جو کئی سالوں سے بیرونی ممالک میں منعقد ہورہا ہے۔ متحدہ عرب امارات‘کینیڈا اور امریکہ میں ایوارڈز کی تقریب کو ملنے والا زبردست ردعمل ہم نیٹ ورک کی غیر معمولی عالمی کامیابی اور ناظرین کی اس پسندیدگی کا مظہر ہے جس نے عالمی تفریحی منظر نامے پر پاکستانی ڈراموں اور فنکاروں کیلئے ایک اہم مقام حاصل کیا ہے۔

ہم ایوارڈز یہ شاندار تقریب نیٹ ورک کی پروڈکشنز سے وابستہ اداکاروں‘ گلوکاروں‘ مصنفین‘ہدایت کاروں اور پروڈیوسروں کی خدمات اور کامیابیوں کو تسلیم کرنے اور ان کے اعزاز میں منعقد کی جاتی ہے۔

تقریب میں ان تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی سیگمنٹس بھی شامل کئے جاتے ہیں جو پاکستان کے تفریحی منظر نامے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.