84 برس کی عمر میں ایک سالہ بیٹے کے ساتھ وقت گزارنے پر الپچینو خوش: بڑھاپے میں باپ بننے کے خطرات کیا ہیں؟

زیادہ عمر میں باپ بننے کے لیے تولیدی صلاحیت، حمل کے ضائع ہو جانے اور پیدا ہونے والے بچے میں بیماریوں کے خطرے کے حوالے سے سائنس کیا کہتی ہے؟
الپچینو، نور الفلاح
Getty Images
الپچینو اب نور الفلاح کے ساتھ نہیں لیکن دونوں مل کر اپنے بچے رومن کی پرورش کر رہے ہیں

ہالی وڈ کے مشہور اداکار الپچینو کا کہنا ہے کہ ان کی سوانح عمری اس بات کی ضمانت ہے کہ ان کے گذشتہ برس پیدا ہونے والے بچے کو اپنے والد کی کہانی جاننے کا موقع ملے گا۔

ڈاگ ڈے آفٹرنون، ہیٹ اور دی آئرش مین جیسی فلموں سے شہرت پانے والے الپچینو نے اپنی زندگی کی یادوں پر مشتمل کتاب کو ’سونی بوائے‘ کا نام دیا ہے کیونکہ ان کی والدہ انھیں اس عرفیت سے پکارتی تھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اپنی زندگی کی کہانی قلم بند کے فیصلے کے پیچھے ایک وجہ 83 برس کی عمر میں باپ بننا بھی تھی۔

الپچینو کی 30 سالہ گرل فرینڈ نور الفلاح کے ہاں جون 2023 میں بچے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام رومن رکھا گیا تھا۔ یہ بچہ الپچینو کی چوتھی اولاد ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کی سوانح عمری اس بات کو یقینی بنانے کا ایک طریقہ ہے کہ ان کے بیٹے کو اپنے والد کی کہانی کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا۔

’میں اس بچے کے آس پاس رہنا چاہتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ ایسا ہے۔ مجھے امید ہے کہ میں صحت مند رہوں گا، اور میرے بیٹے کو علم ہو گا کہ اس کا باپ کون ہے۔‘

الپچینو، جنھوں نے کبھی شادی نہیں کی، اب رومن کی والدہ، فلم پروڈیوسر نور الفلاح کے ساتھ نہیں ہیں، لیکن وہ دونوں مل کر رومن کی پرورش کر رہے ہیں۔ تاہم الپچینو کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ان کی زیادہ تر شمولیت آن لائن رابطے تک محدود ہے۔

ان کے مطابق ’وہ مجھے وقتاً فوقتاً پیغام بھیجتا ہے۔ وہ جو بھی کرتا ہے مجھے حقیقی لگتا ہے۔ وہ جو کچھ بھی کرتا ہے میرے لیے دلچسپ ہے۔ ہم باتیں کرتے ہیں۔ میں ویڈیو پر اس کے ساتھ ہارمونیکا بھی بجاتا ہوں، تو ہمارا کچھ اس طرح کا رابطہ ہے۔ یہ مزیدار ہے۔‘

بڑھاپے میں والد
Getty Images
83 سالہ اداکار الپچینو (بائیں) اور 79 سال رابرٹ ڈی نیرو(دائیں)

عمر رسیدہ والد

بظاہرلوگوں میں بڑی عمر میں باپ بننے کا رواج عام ہو رہا ہے۔ 84 سالہ الپچینو کے ہاں جون 2023 میں بچے کی پیدائش کے علاوہ اداکار رابرٹ ڈی نیرو نے بھی مئی 2023 میں تصدیق کی تھی کہ وہ 79 سال کی عمر میں ساتویں بچے کے والد بنے ہیں۔

یہ جوڑیاں یقینی طورپر پہلے بوڑھے والدین نہیں اور کئی دیگر مرد اداکاروں، موسیقاروں اور یہاں تک کہ امریکی صدور نے بھی زندگی میں دیر سے بچے پیدا کیے ہیں اور عام طور پر پہلی بار باپ بننے والے مردوں کی اوسط عمربرسوںسے بڑھ رہی ہے۔

سنہ 1972 اور 2015 کے درمیان اس میں 3.5 سال کا اضافہ ہوا ہے۔ امریکہ میں باپ بننے والے مردوں کی اوسط عمر 30.9 سال ہےاور نو فیصد مرد کم از کم 40 سال کے تھے جب ان کے ہاں پہلا بچہ پیدا ہوا۔

کم از کم گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق سب سے عمر رسیدہ باپ کی عمر 92 سال تھی، حالانکہ کبھی کبھار عمر رسیدہ مردوں کے بارے میں بھی غیر سرکاری دعوے سامنے آتے رہتے ہیں۔ تاہم، بڑی عمر میں باپ بننے کے اپنے خطرات ہیں۔

دسمبر سنہ 2022 میں یوٹاہ یونیورسٹی اور دیگر اداروں کے محققین نے ’بڑھتی ہوئی پدرانہ عمر‘ اور تولیدی صلاحیت، حمل میں مسائل اور بچے کی صحت پر اس کے اثرات کا ایک جامع جائزہ شائع کیا تھا۔

اگرچہ بہت سے مطالعات میں ممکنہ طور پر الپچینو کی عمر کے بہت سے مردوں کو شامل نہیں کیا گیا ہوگا، اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اتنے عام نہیں، شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ 40 اور 50 سال کی عمر کے مردوں کے سپرم پہلے ہی حجم، گنتی، حرکت پذیری اور تغیرات کے لحاظ سے کم معیار کے ہوجاتے ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کا مطلب یہ ہے کہ مرد کی بڑھتی ہوئی عمر ’نہ صرف بانجھ پن بلکہ قدرتی طور پر ٹھہرنے والے حمل کے گِر جانے کے خطرے کا باعث بنتی ہے۔‘

وہ بتاتے ہیں کہ کئی مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ ایک بڑی عمر کا مرد اسقاط حمل کے خطرے کو نمایاں طور پر بڑھا دیتا ہے۔

سپرم
Getty Images

پھر پیدائش کے بعد بیماری کا خطرہ ہوتا ہے۔ یہ 1950 کی دہائی سے معلوم امر ہے کہ عمر رسیدہ مردوں کے بچوں میں جینیاتی عارضے اکونڈروپلاسیا کے ساتھ پیدا ہونے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔

یوٹاہ کے محققین لکھتے ہیں کہ’یہ تیزی سے واضح ہو گیا ہے کہ بڑھتی ہوئی پدرانہ عمر، جیسے ماں کی بڑھتی ہوئی عمر سے اولاد میں صحت کی خرابی کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔‘

مثال کے طور پر سٹینفورڈ یونیورسٹی کے محققین نے دریافت کیا کہ بڑی عمر کے والد کا تعلق پیدائش کے وقت کم وزن اور نوزائیدہ بچوں میں دورے پڑنے کے بڑھتے ہوئے خطرات سے ہے۔ بڑھتی ہوئی پدرانہ عمر بچپن کے کینسر کی بڑھتی ہوئی شرح کے ساتھ ساتھ پیدائشی دل کے نقائص سے بھی وابستہ ہے۔

یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ بہت سے مطالعات کی طرح جو صحت اور ممکنہ وجوہات کے مابین تعلق کی جانچ پڑتال کرتے ہیں ان کا میکانزم واضح نہیں ہیں۔ ان معاملات میں دیگر پیچیدہ عوامل بھی ہوسکتے ہیں جو کردار ادا کرتے ہیں، جیسے والدین کا طرز زندگی اور ماحولیاتی آلودگی وغیرہ۔

بڑھاپے میں والد
Getty Images

پھر بھی محققین نے پایا ہے کہ جیسے جیسے مردوں کی عمر بڑھتی ہے، سپرم بنانے والے خلیات میں تغیرات اور ڈی این اے کو نقصان پہنچ سکتا ہے جو بعد میں اگلی نسل میں منتقل ہو سکتے ہیں۔

اس طرح کے مطالعات عام طور پر زرخیزی کے بارے میں ڈاکٹروں اور سائنسدانوں کے سوچنے کے انداز میں تبدیلیوں کا باعث بن رہے ہیں۔ تاریخی طور پر، جب کسی جوڑے کو حاملہ ہونے میں دشواری ہوتی ہے تو عورت اور اس کی عمر پر توجہ مرکوز کرنے کا رجحان رہا ہے۔

درحقیقت، زیادہ تر تحقیق خواتین کی تولیدی صلاحیت اور زرخیزی پر مرکوز ہے، لیکن اب یہ واضح ہو رہا ہے کہ اگرچہ مردوں کی تولیدی صلاحیت نسبتاًآہستہ آہستہ کم ہوتی ہے لیکن والد کی عمر اب بھی اہمیت رکھتی ہے۔

فی الحال، الپچینو اور ڈی نیرو اور ستر، اسی اور نوے کی دہائی کے دیگر مردوں کے معاملے نایاب ہیں۔ لیکن مجموعی طور پر باپ بننا اب ایک نوجوان مرد کا معاملہ نہیں ہے۔

سنہ 1970کی دہائی کے بعد سے 30 سال سے کم عمر کے امریکی والدوں کی تعداد میں 27 فیصد کمی آئی ہے، جبکہ 45-49 سال کی عمر کے والدوں کی تعداد میں 52 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.