اسرائیل کی غزہ میں جارحیت جاری، فضائی حملے میں 55 فلسطینی شہید

image

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور اسرائیلی افواج نے حماس کے خلاف کارروائی کے لیے غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع جبالیہ کے گرد گھیرا تنگ کر تے ہوئے کارروائی میں مزید 55 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ جبالیہ میں الفلوجہ کے قریب اسرائیلی حملوں سے کم از کم 11 افراد شہید ہوئے، دوسری جانب جنوب میں مشرقی خان یونس میں بنی سُہیلہ میں اسرائیلی میزائل نے ایک گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 10 افراد شہید ہوئے۔

آج صبح غزہ شہر کے مضافاتی علاقے سبرا میں اسرائیلی فضائی حملوں سے تین گھر تباہ ہو گئے، مقامی سول ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ انہوں نے جائے وقوعہ سے دو افراد کی لاشیں برآمد کی ہیں جبکہ 12 دیگر افراد کی تلاش جاری ہے جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ حملے کے وقت گھروں میں ہی موجود تھے۔

وسطی غزہ کے نصیرات کیمپ میں ایک گھر پر ہونے والے حملے میں پانچ افراد شہید ہو گئے۔

جبالیہ 10 دن سے اسرائیلی جارحیت کا مرکز بنا ہوا ہے، اسرائیل فوج اب شمال کے ان علاقوں میں واپس آ رہی ہے جہاں انہوں نے سال بھر سے جاری اس جنگ کے ابتدائی ایام میں بمباری کی تھی۔

اس آپریشن نے فلسطینیوں اور اقوام متحدہ کے اداروں میں تشویش پیدا کر دی ہے جن کا ماننا ہے کہ اسرائیل شمال کے علاقوں میں رہنے والوں کا صفایا کرنا چاہتا ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج شمالی غزہ کو غزہ کی پٹی کے باقی حصوں سے مکمل طور پر الگ کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شمالی غزہ میں جاری مظالم کے علاوہ خاندانوں کو خوف، اپنے پیاروں سے جدائی اور تھکاوٹ کا سامنا ہے، اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ لوگوں کو مزید خطرات کا سامنا کیے بغیر محفوظ مقام پر باآسانی منتقل کیا جائے۔

غزہ میں ہلال احمر کے ذیلی وفد کے سربراہ ایڈریان زمرمین نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے مزید کہا کہ بیماروں اور معذوروں سمیت متعدد افراد ملک نہیں چھوڑ سکتے اور وہ بین الاقوامی انسانی قوانین کے تحت محفوظ ہیں، لہٰذا اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انہیں کوئی نقصان نہ پہنچے اور بے گھر ہونے والے ہر شخص کو محفوظ طریقے سے گھر لوٹنے کا حق حاصل ہے۔

گزشتہ روز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شمالی غزہ میں بڑی تعداد میں شہریوں کی شہادت پر کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہمیں رہنے والے 23 لاکھ میں سے نصف سے زائد شمالی علاقے میں رہائش پذیر ہیں اور اسرائیل کی شدید بمباری کی وجہ سے ہزاروں رہائشی اپنے گھر بار چھوڑ کر یہاں سے نکلنے پر مجبور ہوئے۔

اقوام متحدہ کے کے اندازے کے مطابق اب وہاں تقریباً 4 لاکھ افراد باقی رہ گئے ہیں۔

واضح رہےغزہ پر اسرائیلی جارحیت ایک سال سے زائد عرصے سے جاری ہے ان کارروائیوں میں اب تک 42 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.