سعودی عرب کا حیرت انگیز عمارت کی تعمیر کا منصوبہ

image

سعودی عرب میں پہلے ہی نیوم کے نام سے حیرت انگیز تعمیراتی منصوبے پر کام جاری ہے۔ اب وہاں دارالحکومت ریاض میں ایک حیرت انگیز عمارت کی تعمیر کا منصوبہ سامنے آیا ہے۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق مکعب نامی یہ عمارت 400 میٹر اونچی، 400 میٹر چوڑی اور 400 میٹر لمبی ہوگی۔ یہ عمارت اتنی بڑی ہوگی کہ امریکا کی ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ جتنی 20 عمارات اس میں سما سکیں گی۔

درحقیقت جب اس کی تعمیر مکمل ہوگی تو یہ دنیا کی سب سے بڑی عمارت ہوگی۔ یہ عمارت ریاض میں تعمیر ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے شہری مرکز کا دل ہوگی۔

نیو مربع نامی پراجیکٹ کے تحت ریاض شہر کو 19 اسکوائر کلومیٹر تک توسیع دی جائے گی اور لاکھوں افراد وہاں رہائش اختیار کر سکیں گے۔ مکعب کی تعمیر کے لیے کھدائی کا کام لگ بھگ مکمل ہوچکا ہے اور اب اس کی تعمیر کے لیے کمپنیوں سے معاہدے کیے جائیں گے۔

یہ معاہدے 2025 میں کیے جائیں گے اور نیو مربع پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کی تعمیر 2030 تک مکمل کرنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔ نیو مربع پراجیکٹ میں ہر جگہ تک رسائی 15 منٹ پیدل چل کر ممکن ہوگی اور اس کا اپنا اندرونی ٹرانسپورٹ سسٹم ہوگا۔

مکعب میں ہولوگرافک ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی جو لوگوں کو خریداری اور کھانے پینے کا ایک نیا تجربہ فراہم کرے گی۔ اسی طرح اسپیس پوڈز، تیرتی ہوئی چٹانیں اور دیگر عجیب و غریب مناظر ہولوگرافک ٹیکنالوجی کے نتیجے میں نظر آئیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ رہائشی مراکز، ہوٹلوں اور دیگر سہولیات بھی یہاں موجود ہوں گی۔ اس منصوبے کو بھی 2030 تک مکمل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے پہلے ہی آئندہ دہائی میں دارالحکومت کے حجم میں دوگنا اضافے کے لیے 800 ارب ڈالرز کے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے جس کا مقصد ریاض کو خطے کا ثقافتی اور صنعتی ہب بنانا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.