"یہ زندگی بہت مختصر ہے۔ اپنے اپنوں کے ساتھ رہا کریں، غلطی کرنے والوں کو معاف کر دیں۔ دنیا بہت ظالم ہے، میں امید کرتی ہوں کہ آپ سب کو دوبارہ کبھی اپنا چہرہ نہ دکھاؤں۔"
مشہور ٹک ٹاکر مناہل ملک نے اپنی حالیہ جذباتی پوسٹس کے ذریعے مداحوں سے نہ صرف معافی طلب کی بلکہ اپنی دل کی گہرائیوں سے ایک پیغام بھی شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ لوگوں کے بے رحم رویوں نے انہیں اندر سے توڑ کر رکھ دیا ہے اور وہ اب خود کو زندہ لاش محسوس کرتی ہیں۔
مناہل کا کہنا ہے کہ ان کی مبینہ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد وہ شدید تنقید کا سامنا کر رہی ہیں۔ ان کی جانب سے کئی بار وضاحت دینے کے باوجود کچھ لوگ انہیں تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔ انہوں نے اس صورتحال سے تنگ آ کر کہا کہ نفرت کو چھوڑیں، اپنے پیاروں کے ساتھ وقت گزاریں، اور غلطیوں کو درگزر کرنا سیکھیں۔ ان کا یہ جذباتی پیغام نہ صرف ان کی تکلیف کو بیان کرتا ہے بلکہ معاشرے کی بے رحم حقیقت کو بھی بے نقاب کرتا ہے۔
مناہل ملک نے اپنی آخری پوسٹ میں مداحوں کو اپنی طرف سے الوداعی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "یہ زندگی واقعی مختصر ہے، کسی کو نہیں معلوم کہ کل کیا ہو۔ اگر کبھی آپ کی زندگی میں بھی کسی نے کوئی غلطی کی ہو تو اسے معاف کر دیں۔"