"پہلے میں بچوں کو ہر لحاظ سے پرفیکٹ بنانا چاہتی تھی، انہیں گھڑ سواری، تیراکی اور ہر چیز میں بہترین بنانے کی کوشش کرتی رہی، مگر اس دوڑ میں نہ صرف بچوں کو بلکہ خود کو بھی تھکا دیا،" اداکارہ سنیتا مارشل نے اپنی والدہ کی حیثیت سے کی جانے والی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا۔
سنیتا مارشل حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں آئیں، جہاں انہوں نے بچوں کی پرورش کے دوران اپنے تجربات اور غلطیوں کے حوالے سے کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک وقت تھا جب وہ اپنے بچوں کو ہر شعبے میں بہتر بنانا چاہتی تھیں، چاہے وہ پڑھائی میں اچھے نمبر ہوں یا مختلف سرگرمیاں جیسے گھڑ سواری اور تیراکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس جنون میں وہ سیٹ پر اکثر ساتھی اداکاروں اور ٹیم سے بحث و تکرار کر بیٹھتی تھیں کیونکہ انہیں شوٹنگ کے بعد بچوں کو کلاسز کے لیے لے کر جانا ہوتا تھا۔ اس دوڑ دھوپ نے انہیں ذہنی و جسمانی طور پر تھکا دیا تھا۔
اب سنیتا مارشل کا کہنا ہے کہ "مجھے احساس ہوا کہ ہر انسان کا اپنی صلاحیتوں کے ساتھ ایک منفرد سفر ہوتا ہے اور ہر کوئی پرفیکٹ نہیں ہوتا۔" انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ دوسروں کے دباؤ میں آکر اپنے بچوں کے لیے یہ سب کرتی رہیں، مگر اب وہ اس سوچ سے باہر نکل چکی ہیں۔ سنیتا کے مطابق، وہ اب سمجھ چکی ہیں کہ بچوں کو خوش اور صحت مند رکھنے کے لیے انہیں پرفیکٹ بنانا ضروری نہیں۔