پاکستانی لوک موسیقی کے شہرہ آفاق گلوکار عطااللہ عیسیٰ خیلوی سے پاکستانی نژاد امریکی پنجابی ریپر اور میوزک پروڈیوسر بوہیمیا نے لندن میں ملاقات کی، جس نے مداحوں کے دلوں کو چھو لیا۔
بوہیمیا ان دنوں لندن میں موجود ہیں، جہاں انہیں ہاؤس آف کامنز میں شرکت کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ اس موقع پر انہوں نے عطااللہ عیسیٰ خیلوی سے مل کر اپنی عقیدت کا اظہار کیا، جو ایک یادگار لمحہ بن گیا۔
دونوں فنکاروں کی ملاقات کے دوران بوہیمیا محبت کے انداز میں عطااللہ عیسیٰ خیلوی کے قدموں میں بیٹھ گئے اور انہیں گلے لگا کر عزت و محبت کا حق ادا کیا۔ اس خوبصورت لمحے میں عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے اپنا مشہور گیت ’قمیض تیری کالی‘ سنایا، جس سے وہاں موجود سبھی افراد جھوم اٹھے۔
عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے اس خوبصورت ملاقات کی تصاویر اور ویڈیوز اپنے آفیشل انسٹاگرام چینل پر شیئر کر کے مداحوں کو بھی اس خوشی کا حصہ بنا دیا۔