پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر آج رات 8 بجے سے اسلام آباد کے تمام بس اڈوں کو تا حکم ثانی بند کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں ہاسٹلز وغیرہ بھی خالی کروائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب چھ موٹرویز بھی آج رات 8 بجے سے بند ہو جائیں گی۔موٹروے پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایم-1 (پشاور تا اسلام آباد)، ایم-2 (لاہور تا اسلام آباد)، ایم-3 (لاہور تا عبدالحکیم)، ایم-4 (پنڈی بھٹیاں تا ملتان)، ایم-11 (سیالکوٹ تا لاہور) اور ایم-14 (ڈی آئی خان تا ہکلہ) بسلسلہ روڈ مینٹیننس بند رہیں گی۔خیبر پختونخوا حکومت پنجاب اور وفاق پر لشکر کشی کر رہی ہے، مریم نوازوزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آج خیبر پختونخوا حکومت پنجاب اور وفاق پر لشکر کشی کر رہی ہے۔جمعے کو کچھی کینال بحالی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بدخواہ آئے روز دھرنے اور جلوسوں سے ترقی کے راستے کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ عوام ان کے دھرنوں اور لانگ مارچ کی کال پر کان نہیں دھرتے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کے دھرنے اور احتجاج مکمل ناکام ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں صرف دہشت گرد ہی خلل نہیں ڈال رہے بلکہ ہمارے اپنے لوگ بھی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔’77 سالوں میں پاکستانیوں نے ایسا وقت نہیں دیکھا کہ جب ایک صوبائی حکومت دوسرے صوبے اور وفاق پر حملہ کرے۔‘ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق کسی قسم کے احتجاج اور دھرنا دینے کی اجازت نہیں دیں گے: وزیر داخلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق کسی کو بھی کسی قسم کے احتجاج اور دھرنا دینے کی اجازت نہیں دیں گے۔جمعے کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ’ہائیکورٹ نے بہت واضح لکھا ہے کہ کسی دھرنے اور احتجاج کی اجازت نہیں ہے۔ اور ہم قانون کے تحت پابند ہیں، قانون کو نافذ کرنے کے لیے اور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد ہم 100 فیصد عدالت کے حکم کو من و عن نافذ کریں گے۔‘ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’حالات خراب ہوئے تو ذمہ دار وہ ہوں گے جو دھاوا بولنے آ رہے ہیں اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کریں گے۔ خیبر پختونخوا حکومت کی توجہ دہشت گردی ختم کرنے پر ہونی چاہیے یا یہاں دھاوا بولنے کے لیے؟ ’آج وہاں جنازے ہو رہے ہیں اور دوسری طرف دھاوا بولنے کی تیاری ہو رہی ہے۔‘