اسلام آباد: پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو گئے۔
پاکستان بیلا روس کے درمیان مفاہمتوں اور معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔ پاک بیلاروس 5 سالہ تعاون پر نیوٹریفوڈ اینڈ فارماسیوٹیکل کمپنی اور بیلاکٹ سمیت مختلف مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
تقریب میں “شہزاد ٹریڈ لنکس” اور “منسک موٹر پلانٹ” کے درمیان مصنوعات کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ “شہزاد ٹریڈ لنکس” اور “بیلشینا” کے مابین پاکستانی منڈی میں ٹائرز کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
قبل ازیں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجاری سردار جام کمال نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارت میں اضافہ ضروری ہے۔ پاکستان میں بیلاروس کے ٹریکٹرز پائیداری اور مضبوطی کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔ اور دونوں ممالک کے درمیان 27-2025 کے لیے روڈ میپ پر اتفاق ہوا ہے۔ دونوں ممالک تعاون کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس علاقائی تجارت اور کنیکٹیویٹی کے فروغ کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم میں شراکت دار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بند ہونے سے ایک دن کا جی ڈی پی نقصان 300 ارب ہے، مفتاح اسماعیل
سردار جام کمال نے کہا کہ پاکستان بیلاروس سے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ جبکہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے توانائی، زراعت، آئی سی ٹی اور دیگر شعبے کھلے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں تنوع لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے گوشت، ڈیری، زرعی مصنوعات اور کاغذی مصنوعات کی برآمدات بڑھائی جا سکتی ہیں، بیلاروس کے ساتھ تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنے اور مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنانے کی ضرورت ہے۔