آج کے بعد ’معیشت کو نقصان پہنچانے والوں‘ کو موقع نہیں دینا چاہیے: شہباز شریف

image
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں آج کے بعد ’فسادیوں‘ اور ’معیشت کو نقصان پہنچانے والوں‘ کو موقع نہیں دینا چاہیے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا  کہ اسلام آباد میں ہونے والے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ ’احتجاج سے معیشت کو بہت نقصان پہنچتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ’تحریک انتشار‘ نے ’فساد‘ برپا کیا۔ تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شر پسندی پر قابو پالیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کا اصول ہے کہ سرمایہ کاری وہاں ہوتی ہے جہاں امن ہوتا ہے۔

‘گذشتہ روز فسادیوں کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ نیچے چلی گئی۔ لیکن جب آج امن بحال ہوا تو سٹاک ایکسچینج میں پھر تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس 99 ہزار پوائنٹس عبور کر گیا۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ 2014 سے پہلے اسلام آباد پر چڑھائی کا تصور نہیں تھا۔

’2014 وہ بد قسمت سال تھا جب انہوں نے چین کے صدر کے دورے سے پہلے اسلام آباد پر چڑھائی کی۔ اور اس بار بھی جب ایس سی او کا سربراہی اجلاس ہو رہا تھا تو انہوں نے پھر فساد کی کوشش کی جس سے احسن طریقے سے نمٹا گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’جب وہ اسلام آباد میں یہ کر رہے تھے اس وقت بیلاروس کے صدر دارالحکومت میں موجود تھے۔‘

وزیر اعظم نے آرمی چیف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سپہ سالار نے اسلام آباد پر لشکر کشی کرنے والوں کے خلاف بھرپور تعاون فراہم کیا۔

انہوں نے اس معاملے میں انٹیلیجنس ایجنسز کے کردار کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر اسلام آباد پولیس، رینجرز، پنجاب اور سندھ پولیس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے اس ’فساد‘ پر احسن طریقے سے قابو پالیا۔

وزیراعظم نے کہا 9 مئی کے ملزمان کو بروقت سزائیں ملتیں تو آج ہمیں یہ دن دیکھنا نہ پڑتا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.