امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کاش پٹیل کا ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کے طور پر کام کرنے کے لیے انتخاب کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ٹرمپ کی مہم ’میک امریکہ گریٹ اگین‘ میں اُن کے وفادار ساتھی کاش پٹیل کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی کے سربراہ کے طور پر نامزد کرنے کے اعلان کے بعد ایف بی آئی کے موجودہ ڈائریکٹر کرسٹوفر رے کو برطرف کیا جائے گا یا پھر انہیں استعفیٰ دینا ہوگا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں سنہ 2017 میں اس عہدے کے لیے مقرر کیا تھا اور ان کی 10 سالہ مدت میں تین سال باقی ہیں۔اس انتخاب کے ذریعے نومنتخب صدر نے اپنے مخالفین کو پیچھے دھکیلنے کا عندیہ دیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے سنیچر کی رات ٹروتھ سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخر ہے کہ ’کشیپ‘ کاش پٹیل فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے اگلے ڈائریکٹر کے طور پر کام کریں گے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’کاش ایک شاندار وکیل، تفتیش کار، اور ’سب سے پہلے امریکہ‘ والے لڑاکا ہیں جنہوں نے اپنا کیریئر بدعنوانی کو بے نقاب کرنے، انصاف کا دفاع کرنے اور امریکی عوام کے تحفظ میں صرف کیا ہے۔‘ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ انتخاب ٹرمپ کے اس نظریے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے کہ حکومت کے قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس ایجنسیوں میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ ایف بی آئی اور محکمہ انصاف میں ایسے افراد کو جگہ دینے کی طرف بڑھ رہے ہیں جن کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ وہ اُن کے خلاف جانچ پڑتال کے بجائے حفاظت کریں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ ’پٹیل نے روس کے کردار کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور بطور وکیل سچ کو سامنے لانے، احتساب اور آئین کے ساتھ کھڑے رہے۔‘تاحال واضح نہیں کہ آیا کاش پٹیل کی نامزدگی کو ریپبلکن کی زیرقیادت سینیٹ منظور کر سکتی ہے۔ماضی میں کاش پٹیل اپنے بیانات میں ایف بی آئی کے کردار کو کرنے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں اور واشنگٹن میں بیورو کے دفتر کو بند کرنے کی طنزیہ گفتگو بھی کر چکے ہیں۔