ملتان: پاکستان میں ہونے والے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت سے انکار کے بعد بھارت سے ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لے لی گئی۔
ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا 26 واں اجلاس ملتان میں ہوا۔ جس میں 7 ممالک نے شرکت کی۔ جبکہ بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے بورڈ آن لائن اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں پاکستان میں ہونے والے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کے انکار پر بحث ہوئی۔
اجلاس میں پاکستان نے مؤقف اختیار کیا کہ 2022 میں بھارت نے پاکستان بلائنڈ ٹیم کو ویزا نہیں دیا۔ اور پاکستان بلائنڈ ٹیم بھارت نہ جانے کے باعث ایونٹ سے محروم ہو گئی۔ اس بار جب پاکستان میزبان تھا تو بھارت نے اچانک آنے سے انکار کر دیا اور ہمارا ایونٹ متاثر ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کی میزبانی مل گئی
پاکستان بلائنڈ کونسل کے سخت مؤقف کے بعد آئندہ سال بھارت میں شیڈولڈ ویمنز بلائنڈ ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لے لی۔ لیکن ساتھ ہی یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ جب تک دونوں ممالک میں سیاسی کشیدگی برقرار رہے گی۔ پاکستان بھارت اپنی سرزمین پر کوئی انٹرنیشنل ایونٹ نہیں کھیلیں گے تاکہ کوئی مسئلہ نہ ہو۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ پاکستان اور بھارت اپنے انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل مقام پر کرائیں۔ اس کے علاوہ اجلاس میں پاکستان کے سید سلطان شاہ کو ورلڈ بلائنڈ کونسل کا آئندہ 3 سال کے لیے صدر بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔