دولت مند خوبرو نوجوان، چلبلی باتونی لڑکی اور ٹرین کا سفر۔۔اگر اس منظر سے آپ کے ذہن میں بھی فلم ’جب وی میٹ‘ کا خیال آ رہا ہے تو آپ اکیلے نہیں۔گیت اور آدتیہ کی ٹرین میں اکٹھے سفر سے شروع ہونے والی ’لو سٹوری‘ بھلا کسے بھول سکتی ہے۔
پھر بھی آپ کو یاد کراتے چلیں کہ آدتیہ کی گیت سے ٹرین میں اچانک ملاقات ہوتی ہے، سفر کے دوران دونوں میں کھٹی میٹھی نوک جھونک ہوتی ہے اور پھر دونوں کا ایک دوسرے کے ساتھ سفر یادگار بن جاتا ہے۔
راہیں جُدا ہونے کے بعد قسمت دونوں کو ایک بار پھر ملوا دیتی ہے لیکن اس بار گیت اپنی ٹرین چھوٹنے نہیں دیتی اور آدتیہ کو ہمیشہ کے لیے اپنا ہم سفر بنا لیتی ہے۔
فلم تو فلم ہی ہوتی ہے لیکن بعض اوقات فلمی ستاروں کی اصل زندگی میں بھی کوئی نہ کوئی فلمی سیچوئیشن دیکھنے کو مل جاتی ہے۔ایسا ہی فلمی سین دیکھنے کو اُس وقت ملا جب آدتیہ اور گیت کا کردار نبھانے والے اداکار شاہد کپور اور کرینہ کپور برسوں بعد ایک ساتھ بیٹھے نظر آئے۔لیکن یہ ملاقات ٹرین کے ڈبّے میں نہیں بلکہ سکول کے فنکشن میں ہوئی۔ہوا یوں کہ دونوں اداکار اپنے بچوں کے سکول کے سالانہ فنکشن میں شریک تھے اور اتفاق سے شاہد کپور کرینہ کپور سے پچھلی نشست پر براجمان تھے۔جیسے ہی یہ تصویر منظرعام پر آئی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور دونوں فنکاروں کے مداحوں کے ذہنوں میں ’جب وی میٹ‘ کی گیت اور آدتیہ کی یاد تازہ ہو گئی۔ایکس پر ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’جب دے میٹ ان ادر یونیورس (جب ہم کسی اور جہاں میں دوبارہ ملے)ایک اور صارف نے لکھا کہ ’گیت اور آدتیہ، برسوں بعد۔‘کسی نے تبصرہ کیا ’جب وی میٹ اگین۔‘امتیاز علی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’جب وی میٹ‘ 25 اکتوبر 2007 کو سینیما گھروں کی زینت بنی تھی اور اس نے باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کیا تھا۔شاہد کپور اور کرینہ کپور کی جوڑی فلم ’فدا‘ سے ہِٹ ہوئی تھی جس کے بعد دونوں میں قربتیں بڑھ گئی تھیں۔دونوں کے مداح اس جوڑے کو ساتھ دیکھنا چاہتے تھے اس لیے ہدایتکاروں کی یہ کوشش ہوتی تھی کہ شاہد کپور اور کرینہ کپور کو اکٹھے ہی کاسٹ کیا جائے۔جب وی میٹ فلم میں تو شاہد اور کرینہ کی کیمسٹری کو بہت پسند کیا گیا لیکن پس پردہ دونوں کے تعلقات میں دراڑ پڑ چکی تھی اور فلم کی عکس بندی کے اختتامی مراحل تک دوریاں بڑھتی چلی گئیں۔ یہی وجہ ہے کہ فلم کی ریلیز سے پہلے ہی اس جوڑے نے ایک دوسرے سے قطع تعلق کر لیا تھا۔شاہد کپور سے ’بریک اپ‘ کے بعد کرینہ کپور اور سیف علی خان کے درمیان بڑھتی قربتیں ٹالک آف ٹاؤن بنی رہیں اور اس پریمی جوڑے نے 16 اکتوبر 2012 کو ممبئی میں ایک نجی تقریب میں شادی کر لی۔یہ پٹودی خاندان کے چھوٹے نواب کی دوسری شادی تھی اس سے پہلے انہوں نے 1991 میں اداکارہ امریتا سنگھ سے شادی کی تھی۔