نامعلوم شخص کے حملے میں زخمی ہونے والے سیف علی خان کی حالت اب خطرے سے باہر: ’یہ باندرہ جیسے محفوظ علاقے میں کیسے ہوا‘

بالی وڈکے معروف اداکار سیف علی خان کو گذشتہ رات ان کے گھر میں گھسنے والے ایک نامعلوم شخص نے چاقو سے حملہ کر کے زخمی کر دیا ہے جس کے بعد انھیں لیلاوتی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیف علی خان
Getty Images

گذشتہ رات ایک چاقو بردار شخص کے حملے میں زخمی ہونے والے بالی وڈ کے معروف اداکار سیف علی خان کی حالت ایک آپریشن کے بعد اب خطرے سے باہر ہے۔

ایک بیان میں بالی وڈ اداکار کی ٹیم کا کہنا تھا کہ 'سیف علی خان کی سرجری ہو چکی ہے اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ وہ ابھی صحتیاب ہو رہے ہیں اور ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہیں۔'

ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈکشٹ گیڈم نے بتایا کہ ’ایک نامعلوم شخص اداکار سیف علی خان کے گھر میں داخل ہوا، اس کے بعد سیف علی خان اور اس شخص کے درمیان جھگڑا شروع ہوا جس میں سیف علی خان زخمی ہو گئے۔‘

نیوز ایجنسی اے این آئی نے ممبئی پولیس کے حوالے سے بتایا کہ ایک شخص سیف علی خان کے گھر میں داخل ہوا اور اس کا سامنا پہلے سیف علی خان کے گھریلو ملازمین سے ہوا تاہم جب سیف علی خان نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو درانداز نے ان پر حملہ کر دیا۔

انگریزی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سیف علی خان اور ان کی اہلیہ کرینہ کپور کے باندرہ میں واقع گھر میں رات تقریباً ڈھائی بجے ایک چور داخل ہوا۔ اس دوران سیف علی خان اپنی فیملی کے ساتھ گھر پر تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حملے کے بعد چور موقع سے فرار ہو گیا اور پولیس حملہ آور کی تلاش کر رہی ہے۔

رپورٹ میں ایک سینئر آئی پی ایس افسر کے حوالے سے واقعہ کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ’سیف علی خان کو لیلاوتی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔‘

سیف علی خان
Getty Images

سیف علی خان کی ٹیم کا کیا کہنا ہے؟

اداکار سیف علی خان کی ٹیم نے اس معاملے پر باقاعدہ ایک بیان جاری کیا ہے۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سیف علی خان کے گھر پر چوری کی واردات کی کوشش کی گئی۔ اس وقت ہسپتال میں ان کی سرجری ہو رہی ہے اور پولیس اس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔‘

لیلاوتی ہسپتال کے سی او او ڈاکٹر نیرج اتمانی نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ ’سیف پر ان کے گھر میں ایک نامعلوم شخص نے حملہ کیا تھا۔ انھیں رات تقریباً 3:30 بجے لیلاوتی ہسپتال لایا گیا۔ انھیں چھ زخم آئے ہیں جن میں سے دو گہرے ہیں۔ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ہے۔ ان کی سرجری ہو رہی ہے۔ چوٹ کتنی گہری ہے یہ سرجری کے بعد معلوم ہو سکے گا۔‘

ڈاکٹر عثمانی نے بتایا کہ ’سیف کی گردن پر بھی زخم آیا ہے۔ یہ زخم کتنا گہرا ہے اس کی جانچ جاری ہے۔‘ انھوں نے بتایا کہ سیف علی خان کا آپریشن صبح ساڑھے پانچ بجے شروع ہوا ہے۔

بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور کی پی آر ایجنسی نے بھی اس بارے میں ایک بیان جاری کیا ہے۔

اس بیان میں کہا گیا ہےکہ ’کل رات ان کے اور سیف کے گھر میں چوری کی کوشش کی گئی تھی۔ سیف علی خان کے ہاتھ میں چوٹ آئی ہے اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ جبکہ گھر کے باقی افراد بالکل خیریت سے ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہم میڈیا اور مداحوں سے گزارش کرتے ہیں کہ صبر سے کام لیں اور قیاس آرائیاں نہ کریں کیونکہ پولیس پہلے ہی اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ آپ کی تشویش کا شکریہ۔‘

سیف علی خان
Getty Images

’حملہ انتہائی تشویشناک ہے‘

سیف علی خان پر نا معلوم شخص کی جانب سے حملے میں زخمی ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے مداح اور سوشل میڈیا صارفین جہاں اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اداکار کی صحت یابی کی دعا کر رہے ہیں وہیں کچھ ممبئی شہر کے سکیورٹی صورتحال پر بھی تبصرہ کر رہے ہیں۔

اس واقعے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انڈیا کی کانگریس پارٹی کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے کہا کہ ’سیف علی خان پر حملہ ایک تشویشناک واقعہ ہے۔ پولیس کو اس معاملے پر سرکاری بیان جاری کرنے دیں۔‘

تاہم کانگریس ایم پی ورشا گائیکواڑ نے اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ ’میں اس حملے سے انتہائی صدمے میں ہوں۔ ممبئی میں کیا ہو رہا ہے؟ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ یہ سب باندرہ میں ہو رہا ہے، جس ایک محفوظ علاقے کے طور پر جانا جاتا ہے۔ تو ایک عام آدمی کس قسم کی سیکورٹی کی توقع کرتا ہے؟‘

https://twitter.com/VarshaEGaikwad/status/1879726563802898856?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1879726563802898856%7Ctwgr%5E1baed08533cfc4e1040eaa2d1cbaa06acb709693%7Ctwcon%5Es1_&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.bbc.com%2Fmarathi%2Farticles%2Fcz9egqyeqzyo

سیف علی خان 16 اگست 1970 کو نئی دہلی میں پیدا ہوئے۔ وہ انڈیا میں شاہی پٹودی خاندان کے سربراہ ہیں۔ ان کے والد انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان منصور علی خان پٹودی اور ان کی والدہ بالی وڈ کی ماضی کی اداکارہ شرمیلا ٹیگور ہیں۔

سیف علی خان نے سنہ 1993 میں بالی وڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور ان کی پہلی فلم 'پرمپارہ' تھی۔

سیف علی خان نے کئی ایوارڈز سے جیتے ہیں، جن میں ایک نیشنل فلم ایوارڈ اور سات فلم فیئر ایوارڈز شامل ہیں جبکہ سنہ 2010 میں انھیں انڈیا کا چوتھا سب سے بڑا سول ایوارڈ پدم شری بھی دیا گیا تھا۔

سیف علی خان نے سنہ نوے کی دہائی میں بالی وڈ اداکارہ امریتا سنگھ سے شادی کی تھی اور بعدازاں سنہ 2004 میں انھیں طلاق دے دی۔ ان میں سے ان کی بیٹی بالی وڈ اداکارہ سارہ علی خان ہیں۔

جبکہ سنہ 2012 میں انھوں نے کرینا کپور سے شادی کی۔ اس جوڑے کے دو بچے آٹھ سالہ تیمور علی خان اور چار سالہ جیہ ہیں۔

ممبئی کا علاقہ باندرہ

باندرہ
Getty Images

ممبئی کے مغربی حصے میں واقع باندرہ ایک مشہور اور پوش علاقہ ہے۔ آج یہاں کے باندرہ بینڈ سٹینڈ اور قریبی کارٹر روڈ کو ایک تاریخی مقام کے طور پر جانا جاتا ہے۔

سمندر کے سامنے واقع اس عالیشان علاقے میں آج بھی کئی بڑے فلمی ستارے اور بزنس مین رہتے ہیں۔

باندرہ میں بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان، سلمان خان اور سابق انڈین کرکٹر سچن تندولکر سمیت کئی مشہور شخصیت کے گھر ہیں۔

اب تو بہت سی اونچی عمارتوں، مہنگے ریستورانوں اور کیفوں کی وجہ سے یہ علاقہ بہت گنجان آباد محسوس ہوتا ہے تاہم بغور جائزہ لیں تو ان بلند و بالا شاندار عمارتوں کے درمیان آج بھی کچھ خستہ حال عمارتیں اور پرانے بنگلے نظر آتے ہیں جو برسوں سے وہاں موجود ہیں اور اپنے اندر ایک مکمل تاریخ رکھتے ہیں۔

کارٹر روڈ پر پچاس اور ساٹھ کی دہائی میں زیادہ تر بنگلوں میں ایسٹ انڈین اور پارسی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد رہائش پذیر تھے۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.